9

دکھی اور بیمار انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنا افضل ترین عبادت ہے، علامہ شہنشاہ نقوی

  • News cod : 41554
  • 19 دسامبر 2022 - 9:21
دکھی اور بیمار انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنا افضل ترین عبادت ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل کے ڈاکٹر دلبر سعید نے کہا کہ نئے پراجیکٹ میں تمام جدید ترین میڈیکل سہولیات ہوں گی جو کہ ایک بڑے عالمی معیار کے ہسپتال میں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کراچی میں گلستان جوہر کے علاقے قائم کیا جارہا ہے کیوں کہ بہت جلد یہ علاقہ کراچی کا ایک مرکز تصور کیا جائے گا اور ایسے علاقے میں موجود سہولت سے مریضوں کی ایک بہت بڑی تعداد فیضیاب ہوسکے گی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک جدید ترین طبی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا جو اپنی تکمیل کے بعد ہر سال تقریبا ایک لاکھ ضرورت مند مریضوں کو عالمی سطح کی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا۔ امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل، باقر ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ اور زیدی عابد فاونڈیشن امریکہ کے ساتھ مل کر کراچی میں یونیورسٹی میڈیکل کمپلیس کی تعمیر 7 سال کے عرض میں مکمل کرے گا، 500 بستروں کے اس پراجیکٹ کی مکمل تعمیر پر 33 ملین ڈالرز کے اخراجات آئیں گے جبکہ اس کے 150 بستروں پر مشتمل پہلے فیز کی تکمیل کیلئے فوری طور پر ایک ارب روپے کے اخراجات کی ضرورت ہے، اس پراجیکٹ کے ذریعے سالانہ 10 لاکھ مریضوں کا مکمل علاج مفت کیا جائے گا جبکہ متوسط اور کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے 8 لاکھ مریضوں کو انتہائی سستے داموں جدید میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تقریب سے بطور مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی اسکالر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ کا آغاز اسلامی تعلیمات اور اقدار کے عین مطابق ہے کیونکہ دکھی اور بیمار انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنا ایک افضل ترین عبادت ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں بسنے والے مسلم امہ کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور دل کھول کر اس پراجیکٹ کی جلد سے جلد تکمیل کے لئے ہاتھ بٹائیں۔ علامہ شہنشاہ نقوی نے اس موقع پر یونیورسٹی میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ باقر ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈاکٹر حسین مہدی نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ہم خیال ڈاکٹروں کے ان خوابوں کی تکمیل ہوگا جن کے ذریعے وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے چپے چپے میں ہر طبقے کے لئے جدید ترین طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو ہر ایک درد مند پاکستانی کو مکمل طور پر اپنانا ہوگا تاکہ پاکستان میں ہر مریض کو جدید علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں۔

امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل کے ڈاکٹر دلبر سعید نے کہا کہ نئے پراجیکٹ میں تمام جدید ترین میڈیکل سہولیات ہوں گی جو کہ ایک بڑے عالمی معیار کے ہسپتال میں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کراچی میں گلستان جوہر کے علاقے قائم کیا جارہا ہے کیوں کہ بہت جلد یہ علاقہ کراچی کا ایک مرکز تصور کیا جائے گا اور ایسے علاقے میں موجود سہولت سے مریضوں کی ایک بہت بڑی تعداد فیضیاب ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے اسپتال میں بالغ اور کم عمر مریضوں کے لئے ایمرجنسی خدمات کے الگ شعبے 24 گھنٹے کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کینسر کے مریضوں، خواتین اور بچیوں کی صحت کے لئے خصوصی سروسز فراہم کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل کی پاکستان میں علاج معالجے کی خدمات اور دوسری فلاحی سرگرمیاں پچھلے 30 سال سے جاری ہیں، جبکہ حال ہی میں سیلاب سے متاثرہ ہزاروں مریضوں کا مفت علاج بھی کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میڈیکل کمپلیکس تمام مریضوں کی بلاکسی تفریق خدمات کریگا۔ پاکستان کے سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سفیر سید ذیشان شاہ نے امید ظاہر کی کہ آنیوالا پروجیکٹ پاکستان میں عالمی سطح کی میڈیکل سہولیات کی عمومی فراہمی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے پراجیکٹ کے لئے 50 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر شبیہ زیدی جو کہ صادق انٹرنیشنل ورچوئل یونیورسٹی کے چانسلر ہیں نے بھی امید کا اظہار کیا کہ آنے والا پراجیکٹ ملک میں غریب طبقات کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک نمایاں کردار ادا کرے گا۔ ممتاز مذہبی اسکالر علامہ رضی جعفر نقوی نے پراجیکٹ کے لئے کام کرنے والوں کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور اس کی تکمیل کے لئے 5 لاکھ روے عطیہ کا اعلان کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=41554