8

دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، علامہ سید مرید حسین نقوی

  • News cod : 41677
  • 23 دسامبر 2022 - 9:47
دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، علامہ سید مرید حسین نقوی
دہشتگردوں کیساتھ کسی قسم کی دوبارہ رعایت کرنا غداری ہو گی، ضروری ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اور قوم کو دہشتگردی کا سامنا رہا ہے۔ آئین اور قانون پر عمل کیا جاتا تو ملک کو برے دن نہ دیکھنا پڑتے افسوس ناک بات ہے کہ 2014ء میں آرمی پبلک سکول میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت کی طرف سے تیار کردہ نیشنل ایکشن پلان کو وقتی ضرورت کے تحت استعمال کرنے کے بجائے اسے مستقل پالیسی کے طور پر رکھا جاتا توبھی ایسے واقعات سے بچا جا سکتا تھا۔ علامہ مرید نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک چار دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے۔ سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں میں دہشت گردوں کی افواج پاکستان کی دہشتگردوں کیخلاف آپریشن قابل تحسین ہے مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ خطرناک دہشتگرد افغانستان سے پاکستان کیسے پہنچے اور انہوں نے سی ٹی ڈی عملے کو یرغمال کیسے بنایا؟

انہوں نے کہا کہ زیر حراست دہشت گردوں کو تفتیش کے دوران محفوظ کیوں نہیں رکھا گیا؟ کوتاہی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ اب آئندہ کیلئے اس کا سدباب بھی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں سے دہشتگرد فرار کروائے جا چکے ہیں اور ان کی فراری کا ذمہ دار کون تھا، آج تک تفصیلات منظر عام پر نہیں آئیں۔ فرار ہونیوالے دہشتگردوں نے بعد ازاں عوام کا جینا محال کئے رکھا۔ مختلف فوجی آپریشن پہلے بھی ہوتے رہے ہیں، جن میں نوجوانوں اور فوجی افسروں نے جام شہادت نوش کیا۔ دہشتگردوں کیساتھ کسی قسم کی دوبارہ رعایت کرنا غداری ہو گی، ضروری ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=41677