16

ایام فاطمیہؑ کے اختتام پر قائد ملت علامہ ساجد علی نقوی کا پیغام

  • News cod : 41947
  • 28 دسامبر 2022 - 12:36
ایام فاطمیہؑ کے اختتام پر قائد ملت علامہ ساجد علی نقوی کا پیغام
انہوں نے مزہید کہا کہ جناب سیدہ طاہرہ ؑ کی زندگی اور شخصیت و کردار کا مطالعہ ہر انسان کو مختلف مرحلوں اور شعبوں میں استقامت اور سخت ترین حالات و ماحول میں بھی صبر و ضبط کا درس دیتا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ دختر رسول اکرم سیدہ فاطمة الزہرا ؑ کی یاد اور پیغام کو زندہ رکھنے کے لئے ان کی ذات اقدس سے عقیدت و احترام اور محبت کا اظہار کیا جائے اور ان سے مکمل وابستگی دکھائی جائے، انسانیت اور طبقہ نسواں کی رہنمائی کرنے پر خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائے اور ان کے چھوڑے ہوئے قطعی و حتمی نقوش اور اصولوں کو تلاش کرکے ان کا مطالعہ کیا جائے اور موجودہ دور کے تقاضوں کو ان کے مطابق ڈھالا جائے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ خاتون جنت کی سیرت و کردار اور اسوہ رہتی دنیا تک خواتین عالم کے لئے مینارہ نور ہے، علی ابن ابی طالبؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت و تابعداری اور خدمت کو شعار بنایا۔ کوئی فرمائش نہ کی اور اسی طرح جوانان جنت کے سردار فرزندان کے ہوتے ہوئے فاقوں کی زندگی کو ترجیح دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدیقہ، طاہرہ اور بتول جیسے القابات کی حامل بی بیؑ نے اطاعت خداوندی، عبادت و ریاضت، عصمت و طہارت، عفت و پاکدامنی، شرم و حیا، تربیت اولاد، علم و کمال، اعلیٰ تہذیب و اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے اور اسلامی تہذیب و اقدار کو بنیادیں فراہم کیں۔ اس کی ایک روشن مثال وہ واقعہ کہ جب رسول خدا کے نابینا صحابی ابن مکتوم سے بھی جناب سیدہ ؑنے نظریں جھکائیں فرمایا تو کچھ خواتین نے استفسار کیا کہ وہ تو نابینا ہیں، مگر جواب میں بی بی پاک ؑ نے فرمایا کہ وہ تو نابینا ہیں مگر ہم تو نہیں۔

انہوں نے مزہید کہا کہ جناب سیدہ طاہرہ ؑ کی زندگی اور شخصیت و کردار کا مطالعہ ہر انسان کو مختلف مرحلوں اور شعبوں میں استقامت اور سخت ترین حالات و ماحول میں بھی صبر و ضبط کا درس دیتا ہے۔ رسول خدا کی بیماری کی تکلیف اور رحلت کا رنج و غم بھی آپ کو حق کی نشر و اشاعت سے باز نہ رکھ سکا، آپؑ نے ہمیشہ اپنی گفتگو، انداز و اطوار اور جہد مسلسل کے ذریعہ حق و صداقت کو اجاگر کیا۔ آپؑ کی زندگی میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جو ایک بہتر اور قابل قدر زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہوتی ہیں۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس زندگی کو قریب سے محسوس کریں اور اسے اپنے دل و دماغ میں اتارنے کی کوشش کریں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=41947