4

بعثت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ (ص) انسانیت کیلئے ایک عظیم الہیٰ نعمت ہے، علامہ شبیر میثمی

  • News cod : 44241
  • 19 فوریه 2023 - 12:35
بعثت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ (ص) انسانیت کیلئے ایک عظیم الہیٰ نعمت ہے، علامہ شبیر میثمی
اس مشکل وقت میں، جب دنیا بے شمار مسائل سے دوچار ہے، آیئے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان الفاظ کو یاد رکھیں، جنہوں نے فرمایا تھا، ’’تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں، جو دوسروں کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوں۔‘‘ آیئے اپنے آس پاس کے لوگوں کے لیے روشنی اور امید کا ذریعہ بنیں، اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے سماجی بہبود کے کام کریں۔

وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بعثت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم انسانیت کے لئے ایک عظیم الہیٰ نعمت ہے۔پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت تاریخ اسلام کا ایک اہم ترین باب ہے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 40 سال کی عمر مبارک میں انسانوں اور جنوں کی ہدایت کے لیے کارِ رسالت کا آغاز کیا۔ بعثت ایک ایسے سفر کا آغاز ہے، جس نے پوری دنیا پر اثرات مرتب کئے اور شخصی آزادی کے لئے انمٹ نقوش چھوڑے۔علامہ شبیر میثمی نے مزید کہا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام بنی نوع انسانوں اور جنوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا، تاکہ وہ صراط مستقیم پر چلتے ہوئے ابدی سعادت حاصل کرسکیں۔

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امن، محبت، خدمتِ خلق اور ہمدردی کے پیغام نے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی۔ امت مسلمہ ہونے کے ناطے ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ ہمیں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام ملا اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا موقع نصیب ہوا۔ آیئے تھوڑا سا وقت نکال کر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر غور کریں اور انہیں اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔ آیئے ہم دوسروں کے ساتھ اپنے تعلقات میں مہربان اور انصاف پسند بنیں اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر کے لیے کام کریں، جو ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَقدار کی عکاسی کرے۔

اس مشکل وقت میں، جب دنیا بے شمار مسائل سے دوچار ہے، آیئے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان الفاظ کو یاد رکھیں، جنہوں نے فرمایا تھا، ’’تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں، جو دوسروں کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوں۔‘‘ آیئے اپنے آس پاس کے لوگوں کے لیے روشنی اور امید کا ذریعہ بنیں، اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے سماجی بہبود کے کام کریں۔ علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ اسلامی معاشرے کے لئے قانون پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔ قانون کو نظر انداز کرنا معاشرے میں عدم مساوات کو جنم دیتا ہے۔ عید مبعث کی مناسبت سے علامہ میثمی نے تمام انسانیت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور صراط مستقیم پر چلتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے دعا کی ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=44241