وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام رضا (ع) کے خادموں پر مشتمل “زیر سایہ خورشید” نامی کاروان نے رضوی خدماتی مراکز کے ڈائریکٹر کے ہمراہ عشرۂ کرامت کی مناسبت سے قم میں موجود بہرے اور نابینا افراد سے ملاقات کی۔
تقریب کا آغاز، بین الاقوامی قاری قرآن استاد احمد دماغ نے کلام الٰہی کی تلاوت سے کیا اور اس کے بعد کاروان “زیر سایہ خورشید” کے سربراہ حجت الاسلام ارشادی نیا نے بہرے اور نابینا افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب امام رضا علیہ السلام کے ساتھ آپ کے عہد کی تجدید کی علامت ہے۔ یہ کاروان زیر سایہ خورشید کیلئے فخر کی بات ہے کہ ہماری یہاں آمد سے آپ کے دل ایک بار پھر امام رضا علیہ السلام کی جانب متوجہ ہوئے۔
اس تقریب میں ان معذور افراد کے ایک گروپ نے عشرۂ کرامت کی مناسبت سے امام رضا علیہ السّلام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔
پروگرام کے اختتام پر، حرم حضرت علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السّلام کی جانب سے بہرے اور نابینا افراد کی خدمت میں تحائف تقسیم کئے گئے۔