32

قرآن مجید ثواب نہیں ،عمل کی کتاب ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 47770
  • 05 ژوئن 2023 - 12:35
قرآن مجید ثواب نہیں ،عمل کی کتاب ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
قرآن مجید ثواب نہیں ،عمل کی کتاب ہے۔ پس کتاب الٰہی کوپڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔اسی طرح اہل بیت اطہار ؑکی سیرت کوبھی پڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔ صرف نعرے لگانے اور خالی محبت کے دعوے کافی نہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قرآن مجید ثواب نہیں ،عمل کی کتاب ہے۔ پس کتاب الٰہی کوپڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔اسی طرح اہل بیت اطہار ؑکی سیرت کوبھی پڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔ صرف نعرے لگانے اور خالی محبت کے دعوے کافی نہیں۔ محبت اہل بیت وہی ہوتی ہے کہ جو ہمیں کھینچ کر ان کے پیچھے اس طرح لے جائے کہ ہم ان کے دامن سے چمٹے ہوئے ہوں۔ وہ حرکت کر رہے ہوں تو ہم اگر گھسیٹتے ہوئے بھی جائیں تب بھی ان کے دامن کو نہ چھوڑیں تو یہ ہے حقیقی محبت۔اگر یہ چیز ہم اپنے اندر پیدا کر لیں تو ہم کامیاب اور کامران ہیں۔ ہم نے معصوموں کا دامن تھاما ہے۔

انہوں نے کہا قرآن مجید بھی معصوم اور اہل بیتؑ بھی معصوم ہیں، اسی طرح قرآن مجید بھی حق اور اہل بیت بھی حق ہیں، قرآن مجید کا نزول بھی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہوا اور آئمہ معصومین بھی معین کرنے والا اللہ ہی ہے، امام بنانے والا اللہ ہے۔ ” قد جاءکم من اللہ نور و کتاب مبین؛ اے لوگو!اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمھاری طرف دو چیزیں آئی ہیں، ایک نور آیا ہے اور ایک کتاب مبین آئی ہے۔ کتاب مبین بھی معصوم ہے، حق ہے اور نور بھی معصوم ہے ، حق ہے۔ معصوم ہمارے ہاں صرف چودہ ہیں۔ رسالت مآب خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی، جناب فاطمة الزھرا اور ان کے علاوہ بارہ امام۔ یہ ہیں ہمارے معصوم ان کے علاوہ کوئی معصوم نہیں۔ نہ پندرھواں ہے نہ سولہواں ، نہ سترہواں ہے۔تو ان کی سیرت پر بھی عمل کریں اور ترجمہ قرآن بھی پڑھیں ، اگر ہم قرآن اور سیرت کےمطابق اپنے عمل کو انجام دیں گے تو یہ ہے ان کے دامن سے متمسک ہونا اور ان کے دامن کو مضبوطی سے تھامنا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=47770