5

یہ سوچنا بھی درست نہیں کہ نئی مجالس و جلوس کا انعقاد نہیں کرنے دیا جائیگا، علامہ شبیر میثمی

  • News cod : 48865
  • 21 جولای 2023 - 16:40
یہ سوچنا بھی درست نہیں کہ نئی مجالس و جلوس کا انعقاد نہیں کرنے دیا جائیگا، علامہ شبیر میثمی
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے جائز حقوق کی بجا آوری کیلئے سہولتیں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے سربراہ علامہ شبیر حسن میثمی، سیکرٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ نے ایامِ عزا کی صورتحال پر قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات کے بعد کہا کہ یہ جو کہا جا رہا ہے کہ نئی مجالس و جلوس کا انعقاد نہیں کرنے دیا جائے گا، یہ عمل عوام کے جائز حقوق کے سامنے رکاوٹیں اور قدغنیں لگانے کے مترادف ہے۔ انسانی آبادی تسلسل کے ساتھ بڑھ رہی ہے، شہر پھیل رہے ہیں، نئی ہاﺅسنگ سکیمیں اور نئی سوسائیٹیاں و کالونیاں معرض وجود میں آرہی ہیں۔

وہاں پر زندگی کے دیگر وسائل کے ساتھ ساتھ ہر مذہب و مسلک کی عبادت گاہیں بھی اسی تیزی سے بن رہی ہیں اور عوام اپنے نظریات کے مطابق عبادات سرانجام دے رہے ہیں، بالخصوص ایام عزاء میں عزاداری جو عوام کا جائز حق ہے، اس کے سامنے رکاوٹیں اور قدغنیں لگانا کسی طور پر بھی مناسب نہیں اور نہ ہی یہ عمل قابل قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے جائز حقوق کی بجا آوری کیلئے سہولتیں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے، جس سے عوام میں بے چینی اور بےیقینی کی صورتحال پیدا ہو اور عوام کے جائز حقوق کی نفی کسی صورت بھی ملکی داخلی صورتحال کیلئے بہتر نہیں۔ لہذا اِس صورتحال کا فوری تدارک کیا جانا چاہیئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48865