وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بین الاقوامی عالمی یوم اطفال کے عالمی دن پر چار ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام دنیا بھر کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اقوام عالم فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام ہو گئی۔
انہوں نے کہاکہ اسلام صرف ایک مذہب نہیں مکمل ضابطہ حیات ہے ،جس نے انسانیت سے جڑے تمام پہلوئوں کے حوالے سے نہ صرف رہنمائی فرمائی بلکہ اس کی روحانی و معاشرتی تربیت کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی کے لئے مکمل اور جامع نظام وضع کیا ہے ، اسلام نے اطفال کی تربیت پر خصوصی احکامات دیئے تاکہ معاشرہ صحت مند بنیادوں پر قائم رہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں جسے سنوارنے کیلئے بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بچوں سے متعلق قرآن پاک کے ساتھ احادیث نبوی بھی اس سلسلے میں انسانیت کی رہنمائی کرتی ہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تاکید فرمائی کہ اپنے بچوں کی مختلف شعبہ حیات ہائے میں تربیت کریں جن میں والدین کے ساتھ حسن سلوک، ادب و تہذیب اور گھڑ/اونٹ دوڑ، تیراندازی (وسائل دفاع و تربیت) تیراکی (حفاظت جاں کے ذرائع) کی تربیت کی تاکید فرمائی اس کے ساتھ ساتھ بچے کی عمر یعنی 7 سال سے 20 سال تک کس انداز میں تربیت کی جائے یہ اصول بھی وضع کیا تاکہ بچہ معاشرے کا نہ صرف ایک بہترین فرد بنے بلکہ یہ تربیت یافتہ جوان معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کریں۔