0

عام معافی سے بلتستان میں پائیدار امن قائم ہوگا اور عوام و فوج کے درمیان خلیج کا خاتمہ ہوگا، علامہ شیخ حسن جعفری

  • News cod : 64201
  • 18 آوریل 2026 - 18:13
عام معافی سے بلتستان میں پائیدار امن قائم ہوگا اور عوام و فوج کے درمیان خلیج کا خاتمہ ہوگا، علامہ شیخ حسن جعفری
سکردو میں نماز جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت نے کہا کہ اگر عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے تو بلتستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام و مسلح افواج کے درمیان موجود خلیج ختم ہو جائے گی اور بلتستان گلستان بن جائیگا۔

مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے امریکہ اور ایران کے مابین جاری صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تناظر میں پاکستان نے نہایت اہم اور درخشاں کردار ادا کیا ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورۂ ایران کے دوران کامیاب مذاکرات ہوئے، جس پر ایرانی قوم نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے حق میں فارسی زبان میں نغمے بھی پیش کیے گئے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات ایران کے حق میں مثبت نتائج دیں گے، تاہم ایران کو امریکہ پر ماضی کے تلخ تجربات کی بنا پر اعتماد نہیں ہے، کیونکہ مذاکرات کے دوران بھی امریکہ کی جانب سے حملوں اور جنگی اقدامات کی مثالیں موجود ہیں، اس کے باوجود ایران، پاکستان پر اعتماد کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں شامل ہوا ہے، اور امکان ہے کہ آئندہ مذاکرات پاکستان میں ہوں گے۔ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں شہیدِ امت، رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے خون کی تاثیر کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدِ امت کے درجات کو بلند فرمائے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ریاستی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے سنگین واقعات کے باوجود ریاست نے قومی مفاد میں عام معافی کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد قومی دھارے میں شامل ہوئے۔ اسی تناظر میں انہوں نے بلتستان میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کو ایک جذباتی اور حادثاتی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی منظم یا منصوبہ بند کارروائی نہیں تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے اس واقعے میں ملوث افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی دلجوئی اور نقصانات کے ازالے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، تاہم قیمتی انسانی جانوں کے مقابلے میں املاک کی حیثیت کم ہے۔ علامہ شیخ حسن جعفری نے مزید کہا کہ اگر عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے تو بلتستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام و مسلح افواج کے درمیان موجود خلیج ختم ہو جائے گی اور بلتستان گلستان بن جائیگا۔ آخر میں انہوں نے برطرف کیے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری بحالی اور اسلام آباد میں گرفتار بے گناہ جوانوں کی جلد از جلد رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64201

ٹیگز