مجلسِ وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے زیرِ اہتمام شہیدِ اسلام رہبرِ انقلابِ اسلامی سید علی خامنہ ای کے چہلم کے موقع پر ایک پروقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جید علمائے کرام، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے شہداء کی عظمت، ان کی بے مثال قربانیوں اور ان کے بلند مشن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں کسی ایک قوم یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دنیا آج اس حقیقت کی گواہ ہے کہ استعماری قوتیں اپنی تمام تر طاقت کے باوجود ناکامی سے دوچار ہو چکی ہیں۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور مجلسِ وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ استعمار کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ یہ حملہ کسی ایک شخصیت یا ملک پر نہیں بلکہ اسلام اور پوری انسانیت پر حملہ تھا۔
انہوں نے رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کو ایک عظیم، نڈر اور باوقار رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دشمن کی سازشوں کا جرات اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ شہداء کا راستہ ہی امتِ مسلمہ کی بقا اور عزت کا ضامن ہے اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم داخلی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و وحدت کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی سب سے بڑی سازش امت کو تقسیم کرنا ہے، جسے ناکام بنانے کے لیے فکری بیداری اور عملی جدوجہد ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر سطح پر مظلوم اقوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور حق و باطل کے معرکے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مرکزی کوارڈینیٹر مجلس وحدت مسلمین سید ناصر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کا دفاع دراصل اسلام، عالمِ اسلام اور پاکستان کا دفاع ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل خطے میں اپنی پالیسیوں میں ناکام ہو چکے ہیں اور اگر وہ دوبارہ مداخلت کی کوشش کریں گے تو ان کی باقی ماندہ طاقت بھی ختم ہو جائے گی۔
مجلس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، جمہوری اسلامی ایران کی سلامتی، مقاومت اسلامی کی کامیابی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔












