مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام رہبر شہید حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں ایک عظیم الشان تکریم شہداء ضلعی کنونشن صوبائی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مہران ہال جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں صوبائی و ضلعی قائدین، مختلف تحصیلوں کے ذمہ داران اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن میں شریک نمایاں رہنماؤں میں صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران سردار زادہ میر فائق علی خان جکھرانی، مولانا منور حسین سولنگی، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر شاہ نقوی، سابق صدر وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ سید کامران علی شاہ، استاد خادم حسین برڑو، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی، انجینئر اکبر علی لاشاری سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ کنونشن میں تحصیل گڑھی خیرو، ٹھل اور سٹی جیکب آباد کے تمام یونٹس کے ذمہ داران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
کنونشن کے دوران یونٹس کی اکثریتی رائے سے آئندہ تین سال کے لئے نظیر حسین جعفری کو دوبارہ ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر سابقہ ضلعی کابینہ کے اراکین استاد خادم حسین برڑو، سید اصغر علی شاہ، غلام شبیر لاشاری، استاد محمد بخش ڈومکی اور سٹی صدر عمران علی حیدری نے نو منتخب صدر کو مبارکباد پیش کی۔ اسی طرح تحصیل ٹھل کے صدر غلام حیدر برڑو، عبدالمجید ہکڑو اور تحصیل گڑھی خیرو کے صدر سید علی شاہ، سید جہان شاہ نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں انقلاب اسلامی کی حقیقی ترجمان جماعت ہے، جو نظام ولایت و امامت کے نور سے عوام کو روشناس کرا رہی ہے۔ حق و باطل کے معرکے میں ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ جرات و بہادری کے ساتھ حق کا ساتھ دیا ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی اور مظلوموں کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
نو منتخب ضلعی صدر نظیر حسین جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کارکنان کے اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور آئندہ تین سالوں میں تنظیم کو مزید فعال، منظم اور عوامی مسائل کے حل کے لئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ضلع جیکب آباد میں وحدت مسلمین کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تمام یونٹس کو متحرک کیا جائے گا۔ صوبائی صدر عزاداری ونگ سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ شہدائے ملت کی قربانیاں ہماری تحریک کا سرمایہ ہیں، ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کرنا ہوگا اور عزاداری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ علامہ سیف علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا کنونشن اس بات کا ثبوت ہے کہ مومنین متحد ہیں اور باطل قوتوں کے مقابلے میں ایک مضبوط صف بنا چکے ہیں۔ استاد خادم حسین برڑو نے کہا کہ ہمیں دینی، سماجی اور سیاسی میدان میں مزید بصیرت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ کنونشن کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔












