1

مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام آیت اللہ سید علی خامنہ ای (قدس سرہ) کے چہلم کا انعقاد

  • News cod : 64223
  • 18 آوریل 2026 - 18:41
مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام آیت اللہ سید علی خامنہ ای (قدس سرہ) کے چہلم کا انعقاد
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ راہِ مقاومت پر ثابت قدم رہنا اور استقامت کے ساتھ کھڑے رہنا آج کے مسلمان کا بنیادی فریضہ ہے۔

مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام تحصیل کوٹ مومن کے 21 چک میں شہید امت آیت اللہ امام سید علی خامنہ ای قدس سرہ کی شہادت کے چہلم کی مناسبت سے ایک پُروقار تعزیتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

چہلم کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ الباقر کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ و مسؤولِ تربیت مجلس علماء امامیہ پاکستان ڈاکٹر علامہ سید جاوید حسین شیرازی نے رہبرِ شہید کی مجاہدانہ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی اور انہیں عالمِ اسلام کی عظیم علمی و سیاسی شخصیت قرار دیا۔

مجلس علماء امامیہ کے مربی، ایگزیکٹو باڈی کے رکن اور دارالعلوم محمدیہ سرگودھا کے پرنسپل علامہ ملک نصیر حسین نے اپنے خطاب میں رہبرِ شہید کے علمی و انقلابی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مجلس علماء امامیہ پاکستان کے مدیر علامہ ضیغم عباس نے امریکی و صہیونی جارحیت کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے مظلوم شہداء کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے سابق صوبائی صدر اور شورائے عالی کے رکن علامہ عبد الخالق اسدی نے اپنے خطاب میں استقامت و مقاومت کی راہ کو وقت کا سب سے اہم تقاضا قرار دیا۔

چہلم کی میزبانی مجلس علماء امامیہ تحصیل کوٹ مومن کے منتظم مولانا غلام عباس علوی نے کی۔

مقررین نے رہبرِ شہید آیت اللہ خامنہ ای کی عمر بھر کی جہادی، علمی اور روحانی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی شہادت کو عالمِ اسلام کا عظیم نقصان قرار دیا۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی اور شہداء کے خون کے ساتھ تجدید عہد کیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ راہِ مقاومت پر ثابت قدم رہنا اور استقامت کے ساتھ کھڑے رہنا آج کے مسلمان کا بنیادی فریضہ ہے۔

واضح رہے کہ مجلس علماء امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے جو علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں علمی، تربیتی اور تبلیغی سرگرمیاں انجام دیتا ہے.

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64223

ٹیگز