13

پاکستان اسلام کا قلعہ ہے/وطن عزیز کی محبت کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے، علامہ افضل حیدری

  • News cod : 14066
  • 23 مارس 2021 - 17:21
پاکستان اسلام کا قلعہ ہے/وطن عزیز کی محبت کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے، علامہ افضل حیدری
مہتمم اعلیٰ جامعۃ المنتظر لاہور نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور یہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ اس کی بہتری اور بھلائی کے لئے محبت، ہم آہنگی اور اخوت کو فروغ دیا جائے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ افضل حیدری نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قرارداد پاکستان جہاں عوام کو وطن دوستی اور حب الوطنی کی طرف متوجہ کرتی ہے، وہاں جمہوریت، قانون پر عمل داری اور انصاف جیسی ذمہ داریوں کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے طویل جدوجہد کے ذریعے انگریز سامراج کی غلامی سے نجات حاصل کی اس جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور حضرت حکیم الامت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم قائدین کی قیادت انہیں میسر آئی۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شاعری کے ذریعے امت مسلمہ کو اور خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ان کی شاعری اور افکار ونظریات آج بھی امت مسلمہ کے لیے اور پاکستان کے عوام کے لئے ایک عظیم سرمایہ ہے حکیم الامت کے افکار اور نظریات ہمارے لیے آج بھی مشعل راہ ہیں جو ہمیں امریکی سامراج کی غلامی کی بجائے ایک آزاد اور خودمختار قوم کی حیثیت میں عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں۔

مہتمم اعلیٰ جامعۃ المنتظر لاہور نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور یہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ اس کی بہتری اور بھلائی کے لئے محبت، ہم آہنگی اور اخوت کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ 23 مارچ ملکی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جس دن پوری دنیا میں ہمیں اپنی شناخت ملی، آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کتنی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کے بعد یہ مملکت خداداد پاکستان ہمیں اللہ نے دی، آج پاکستان کی سالمیت و بقا کیلئے پھر سے ہمیں متحد ہوکر دشمنوں کیخلاف میدان عمل میں نکلنا ہوگا،

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14066