15

شعائر مہدوی کو زندہ رکھنے کے لئے امت مسلمہ کو مستعد رہنا چاہئے، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی

  • News cod : 14231
  • 26 مارس 2021 - 16:18
شعائر مہدوی کو زندہ رکھنے کے لئے امت مسلمہ کو مستعد رہنا چاہئے، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی
حضرت امام زمان علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کو ہر سال زیادہ شان و شوکت کے ساتھ منانا چاہئے؛ کیونکہ اگر ایک لمحے کے لئے ان کے لطف وکرم کی نظر نہ ہو تو کائنات مٹ جائے گی

وفاق ٹائمز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ وحید خراسانی نے جمعرات 12 شعبان المعظم کو حضرت امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت اور نیمہ شعبان کے حوالے سے استفتاء کمیٹی کے اراکین سے خطاب کیا ، جس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:

بسم الله الرحمن الرحیم
حضرت امام زمان علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کو ہر سال زیادہ شان و شوکت کے ساتھ منانا چاہئے؛ کیونکہ” بِیُمنِهِ رُزِقَ الوَری‌ وَ بِوُجُودِهِ ثَبَتَتِ الأرضُ و السَّماء “۔ اگر ایک لمحے کے لئے ان کے لطف وکرم کی نظر نہ ہو تو کائنات مٹ جائے گی۔ ہمارا وجود ان کی برکت سے ہے؛ لہٰذا ہر حال میں انہیں یاد رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔
تمام انجمنوں کوچاہئے کہ وہ نیمہ شعبان کے احیاء کے لئے اقدامات کریں۔ ان کی پاداش شب قدر میں معلوم ہوگی۔ شب قدر میں نامہ اعمال لکھا جائے گا تو ان کی خدمات بھی اس نامہ عمل میں لکھی جائیں گی۔ آپ کی تقدیر اس خدمت سے وابستہ ہے جو آپ نیمہ شعبان میں سرانجام دیتے ہیں۔ نیمہ شعبان حضرت امام زمان علیہ السلام کی ولادت کا موقع ہے اور ان کابابرکت وجود،کون و مکان کا محور اور عالم غیب و شہود کا ملجاء وماویٰ ہے۔
گزشتہ برسوں کی نسبت اس سال نیمہ شعبان کو زیادہ شان و شوکت سے منائیں۔ ہر شخص اپنی طاقت اور وسعت کے مطابق شب قدر کی راہ میں قدم بڑھائیں۔ ” وَتَمَّت کَلِمَتُ رَبِّکَ صِدقًا وَعَدلًا ” امام زمان علیہ السلام کے وجود کے طفیل نیمہ شعبان میں کلمات اور نعمتوں کا کمال پایا جاتا ہے ۔ علم کے 30 حروف میں سے تمام انبیاء اور اولیاء کے پاس صرف 2 حروف ہیں، باقی 28 حروف کا تعلق امام زمان علیہ السلام سے ہے۔ آپ کے ظہور پرنور کی بدولت ہر شخص کی عقل 40 لوگوں کی عقل کے برابر ہوجائے گی۔
دنیا کے گوشہ و کنار میں بسنے والے مسلمان اس دن کے احیاء کی کوشش کریں۔ شب قدر مقدرات کی رات ہے جو امام علیہ السلام کے ذریعے آئے گی، آپ ؑ اللہ کے اذن سے چیزوں کے بدلنے کی قدرت و طاقت رکھتے ہیں۔ یہ سال گزشتہ برسوں سے مختلف ہونا چاہئے۔ جتنے بیمار شفایابی کے لئے ترس رہے ہیں اور جتنے مقروض اپنے قرض کی ادائیگی کی دعا کر رہے ہیں وہ نیمہ شعبان کے دن رات میں اللہ سے دعا کریں ! ہمیں یقین ہے کہ اس دن اور رات میں ان کی دعائیں ضرور قبول ہوں گی۔
تمام مومنین و مومنات تعاون کریں اور اس سال امام علیہ السلام کی ولادت کو گزشتہ سالوں سے بہتر انداز میں منائیں۔ وہی اللہ تعالیٰ کا بلند کلمہ ہیں اور انہی کے ذریعے کلمات کو کامل ہوتے ہیں۔ ہمارے توسل میں سستی اور کوتاہی ہو سکتی ہے؛ ان کی عنایت و بخشش میں کوئی کمی نہیں ہے۔
ہر فرد کو چاہئے کہ روزانہ حتی الامکان قرآن مجید حفظ کرے اور اس کی تلاوت کو ہمیشہ اپنا وظیفہ بناکر کبھی ترک نہ کرے ۔ امید ہے کہ ان شاء اللہ پوری امت مسلمہ مہدویت کی گرویدہ ہوجائے گی اور شعائر مہدی کو زندہ رکھنے کے لئےہمیشہ تیاررہے گی۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو امام علیہ السلام کے اصحاب و انصار میں سے قرار دے اور اس زمین و آسمان کے سرور و سالار کے ہم رکاب ہوکر شہادت کی باسعادت موت سے سرفراز کرے۔ آمین!

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14231