17

امامیہ کونسل کے زیراہتمام ملی تنظیموں کا اجلاس، گلگت کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار

  • News cod : 14396
  • 29 مارس 2021 - 10:30
امامیہ کونسل کے زیراہتمام ملی تنظیموں کا اجلاس، گلگت کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار
اجلاس میں کہا گیا کہ شتیال سے لیکر گلگت تک کھلے عام اسلحہ کی نمائش، کفر کے فتوے، کافر کافر کی نعرہ بازی اور شرانگیز تقاریر کے ذریعے اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن آغا سید راحت حسین الحسینی، علماء کرام اور امامیہ کونسل کے بابصیرت قائدین نے انتہائی صبر و تحمل اور بردباری سے شرپسندوں کے پلان کو خاک میں ملایا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی امامیہ کونسل کے زیر اہتمام ملی تنظیموں کا اجلاس مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت کی مِخدوش صورت حال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے اپنی رٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ انتظامیہ کی طرف سے نلتر واقعے کو ذاتی دشمنی قراد دینے کے باوجود چند شرپسند عناصر کی طرف سے شیعہ سنی اتحاد کو نقصان پہنچانے کیلئے پے در پے واقعات سِخت تشویشناک ہیں۔ شرپسندوں کو علاقے کی تعمیر و ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے، جنہوں نے ملک دشمن قوتوں کے اشارے پر ذاتی مفاد کیلئے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے اور ہمیشہ فرقہ واریت کا سہارا لیکر علاقے کو آگ و خون کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی ہے۔ شتیال سے لیکر گلگت تک کھلے عام اسلحہ کی نمائش، کفر کے فتوے، کافر کافر کی نعرہ بازی اور شرانگیز تقاریر کے ذریعے اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی بھرپور کوشش کی گئی، لیکن آغا سید راحت حسین الحسینی، علماء کرام اور امامیہ کونسل کے بابصیرت قائدین نے انتہائی صبر و تحمل اور بردباری سے شرپسندوں کے پلان کو خاک میں ملایا۔

تکفیری گروہ بیرونی ایجنڈے پر عبوری صوبے اور اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں، جو کہ کسی صورت ملک و علاقے کے مفاد میں نہیں، لہذا شرپسند گروہ کو تمام مکاتب فکر کے افراد مل کر تنہا کریں اور حکومت کو ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے، لیکن نہ معلوم صوبائی حکومت اور انتظامیہ کس مصلحت کے تحت خاموش ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ گذشتہ دن امامیہ جامع مسجد کے گیٹ کے سامنے راہگیر پر فائرنگ اور گھڑی باغ میں دنیور کی سوزوکی پر حملہ جس کے نتیجے میں دو افراد ذِخمی ہوئے، اسی گروہ کی کارستانیاں ہیں، اس گروہ کو بروقت لگام نہ دی گئی تو علاقہ کا امن تہہ و بالا ہو جائے گا۔ اجلاس میں 15 شعبان یوم ولادت باسعادت حضرت امام مہدی علیہ السلام کے اجتماعات کو بھرپور و منظم انداز میں منعقد کرنے کی تاکید کرتے ہوئے اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ پہاڑوں اور شاہراہوں پر چراغاں کرنے والے جوانوں کی رہنمائی و سرپرستی کی جائے۔ ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی سختی سے ممانعت کی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14396