13

رہبر انقلاب اسلامی کے نام تحریک حماس کے رہنما کا ایک اور خط

  • News cod : 17510
  • 18 می 2021 - 16:10
رہبر انقلاب اسلامی کے نام تحریک حماس کے رہنما کا ایک اور خط
فلسطینی قوم اور مسلمانوں کے مقدس مقامات نیز بیت المقدس، شیخ جراح اور غزہ پر غاصب صیہونیوں کی وحشیانہ جارحیت کے پیش نظر تمام فلسطینی گروہوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غاصب صیہونیوں کے جرائم روکنے کی کوشش اور ان جرائم کا بھرپور مقابلہ کریں

وفاق ٹائمز، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام اپنے نئے اور تازہ خط میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم اور مسلمانوں کے مقدس مقامات نیز بیت المقدس، شیخ جراح اور غزہ پر غاصب صیہونیوں کی وحشیانہ جارحیت کے پیش نظر تمام فلسطینی گروہوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غاصب صیہونیوں کے جرائم روکنے کی کوشش اور ان جرائم کا بھرپور مقابلہ کریں اور ساتھ ہی صیہونیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ صہیونیوں کے جرائم کے مقابلے میں فلسطینی قوم اور تحریک استقامت کی جانب سے خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی اور ہر طرح کی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔

اسماعیل ہنیہ نے سرزمین فلسطین اور فلسطینی قوم کے خلاف بربریت کا سلسلہ جاری رکھنے کے بارے میں جرائم پیشہ صیہونی حکام کے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم اور فلسطین کی تحریک استقامت کی جانب سے جواب دیا جانا ضروری تھا اور یہ جواب دیا جانا فلسطینی قوم کا اپنے دفاع کے دائرے میں قانونی حق ہے۔

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے رہنما نے زور دے کر کہا ہے کہ جرائم پیشہ صیہونی دشمن کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام کے خلاف ہر طرح کے ممنوعہ ہتھیاروں کا دن و رات استعمال کیا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں منجملہ بیت المقدس، شیخ جراح اور غزہ سمیت تمام علاقوں میں ہر قسم کے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھی فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العطمی خامنہ ای کے نام اپنے مراسلے میں کہا تھا کہ تحریک حماس ماہ مبارک رمضان میں صیہونی حکومت کے ذریعے مسجد الاقصی، بیت المقدس اور مختلف علاقوں میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کئے جانے کے خطرناک نتائج کی بابت تل ابیب انتظامیہ کو خبردار کرتی ہے اور وہ غاصب صیہونیوں کے ان جرائم و مظالم کے مقابلے میں ٹھوس موقف اختیار نیز فوری اقدام کی خواہاں ہے۔

اس درمیان فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے نائب سربراہ نے غزہ میں کہا ہے کہ فلسطین کی استقامتی تحریک غاصب صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم کے مقابلے میں بھرپور دفاع کرنے میں کامیاب رہی ہے اور اس نے جوابی اقدامات میں غاصب صیہونی حکومت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور صیہونی علاقوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔

حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے جدید ترین ہتھیارں کے ساتھ نہتے فلسطینیوں پر حملہ کر نے کے باوجود فلسطینی جیالوں کے مقابلے میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انھوں نے فلسطینی قوم کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحریک استقامت پر بھروسہ اور اطمینان رکھے اور نتائج کا انتظار کرے ۔

حماس کے نائب سربراہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے ساتھ پورا حق ہے اور حق کبھی ناکام نہیں ہوتا اور تحریک استقامت فلسطینی قوم کو کبھی مایوس نہیں کرے گی اور اس مظلوم قوم کی حمایت میں کبھی کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17510