10

امام خمینی نے اسلام کو پوری دنیا میں زندہ کر دیا، حجت الاسلام نجف لکزائی

  • News cod : 18234
  • 04 ژوئن 2021 - 16:15
امام خمینی نے اسلام کو پوری دنیا میں زندہ کر دیا، حجت الاسلام نجف لکزائی
امام خمینیؒ نے کبھی اپنے لیے کچھ نہیں چاہا بلکہ اسلامی انقلاب کے بعد اپنی وراثتی زمین بھی غریب کسانوں میں بانٹ دی

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مدرسہ علمیہ ثقلین قم کی جانب سے امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

مدرسہ علمیہ ثقلین قم میں منعقدہ پروگرام کا موضوع “افکار امام خمینیؒ” تھا اور اس کا مقصد افکار امام راحل سے واقفیت تھا، تاکہ ان افکار کو طلاب اپنے لیے مشعل راہ قرار دے سکیں۔ پروگرام کے مہمان خطیب حجۃ الاسلام ڈاکٹر نجف لکزائی نے آیات قرآنی کے ذریعے امام خمینیؒ کےا فکار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام راحل کی اہم خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے اسلام کو پوری دنیا میں زندہ کر دیا اور مسلم امہ کو ذلت کی پستی سے نکال کر عزت کی بلندی پر پہنچا دیا۔ اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس راستے پر گامزن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کے انقلاب کا ایک رکن یہ تھا کہ قرآن اور مکتب اہل بیتؑ کی طرف واپس پلٹا جائے۔
انہوں نے قرآنی آیات کی روشنی میں دوست اور دشمن کی پہچان کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن خدا کو اولیاء مت بناؤ، اس سے مراد فقط دوستی نہیں بلکہ مقصد یہ ہے کہ ان کے ساتھ کسی محاذ پر اکٹھے نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدا کیلئے قیام کریں۔ اگر سب لوگ مل کر قیام نہ کریں، تب بھی ولی خدا اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کیلئے چار رکن ضروری ہیں: دین، امت، حکومت اور رہبر۔ لیکن رہبر اور امام کی اہمیت دوسروں کی نسبت زیادہ ہے۔ ڈاکٹر لکزائی نے کہا کہ امام خمینیؒ توحید پرست تھے اور مومن اور موحد انسان پر کبھی خوف اور حزن طاری نہیں ہوتا۔ امام راحل نے بھی فرمایا تھا کہ خدا کی قسم میں نے کبھی خوف نہیں کھایا اور نہ مجھ پر حزن طاری ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے پہچنوایا کہ امریکہ شیطان بزرگ ہے اور اسرائیل ایک کینسر زدہ آنت ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔
آپ نے دنیا کے مظلوموں کو بتایا کہ استبداد اور بادشاہت کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں۔ امام خمینیؒ نے کبھی اپنے لیے کچھ نہیں چاہا بلکہ اسلامی انقلاب کے بعد اپنی وراثتی زمین بھی غریب کسانوں میں بانٹ دی۔ امام خمینیؒ آخر عمر تک آقائے جمارانی کے گھر کرایہ پر رہے، یہ حکومتی گھر نہیں تھا، کیونکہ اولیائے الہیٰ کیلئے دنیا کے بجائے سب سے اہم خدا کی ذات ہوتی ہے۔ ڈاکٹر نجف لکزائی نے آخر میں کہا کہ امام خمینیؒ کا سب سے بڑا پیغام اسلام، قرآن اور مکتب اہلبیتؑ کا احیا تھا۔ مدرسہ علمیہ ثقلین قم کے زیراہتمام منعقدہ پروگرام میں اساتید، طلاب اور کارکنان نے شرکت کی اور آخر میں امام خمینیؒ اور تمام شہدائے اسلام کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=18234