17

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں

  • News cod : 21263
  • 19 آگوست 2021 - 15:18
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں
عزاداران امام مظلومؑ نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،شہر قائد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا، جہاں مجلس شام غریباں برپا ہوگی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریگزار کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کی آل و اصحاب کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور دس محرم الحرام مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ماتمی جلوسوں کیلئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ نشتر پارک کراچی میں صبح آٹھ بجے مرکزی مجلس عزا منعقد ہوئی، مجلس عزا سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس عزا برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے ہیں، جلوس عزا میں لاکھوں عزاداران امام مظلومؑ شریک ہیں۔ مرکزی جلوس نمائش چورنگی، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ،صدر، ریگل چوک سے ہوتا ہوا تبت سینٹر پہنچا، جہاں عزاداران امام مظلومؑ نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا، جہاں مجلس شام غریباں منعقد ہوگی۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی جا رہی ہے۔

جلوس عزا کی گزرگاہ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرچنگ بھی کی۔ جلوس کی سیکیورٹی پر رینجرز اور پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں، جن میں خواتین اہلکار، ایس ایس یو کے کمانڈو، آر آر ایف کے جوان بھی شامل ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جا رہا ہے۔ جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔ یوم عاشور پر کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21263