6

غواڑی میں جلوس پر پتھراؤ کرنے والے شرپسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے، انجمن امامیہ بلتستان

  • News cod : 21318
  • 20 آگوست 2021 - 16:34
غواڑی میں جلوس پر پتھراؤ کرنے والے شرپسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے، انجمن امامیہ بلتستان
جمعہ کے روز انجمن امامیہ بلتستان کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بلتستان شیعہ اکثریتی علاقہ ہونے کے ناطے بلد المومنین کہلاتا ہے اور عاشورا کا جلوس آئین پاکستان کے مطابق سرکاری روڈ سے گزارنا ہمارا آئینی، قانونی حق ہے، جس کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، انجمن امامیہ بلتستان کا ہنگامی اجلاس جمعہ کے روز سکردو میں منعقد ہوا جس کی صدارت انجمن کے سرپرست اعلیٰ امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کی۔ اجلاس میں عاشورائے محرم کے دن غواڑی گانچھے میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد منظور کی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ بلتستان شیعہ اکثریتی علاقہ ہونے کے ناطے بلد المومنین کہلاتا ہے اور عاشورا کا جلوس آئین پاکستان کے مطابق سرکاری روڈ سے گزارنا ہمارا آئینی، قانونی حق ہے، جس کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ غواڑی میں عاشورا کا جلوس سرکاری روڈ سے گزرتے ہوئے شرپسندوں کا پتھراﺅ کرنا انتہائی غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔ لہٰذا جلوس پر حملہ آور ہونے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاکر مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ جلوس اور علم کے تقدس کو پامال کرنے، مسجد کی بیحرمتی کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے بصورت دیگر بہت جلد ملت تشیع اپنا لائحہ عمل طے کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پرامن جلوس پر مسلح افراد نے حملہ کرکے خواتین و حضرات کوزخمی کیا ہے ان کیخلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج کر کے فوری گرفتار کیا جائے۔ غواڑی کے اہل تشیع کو تحفظ فراہم کیا جائے، نیز پرامن شہریوں کو ورغلانے اور یزیدیت زندہ باد کے نعرے بلند کرنے والوں کو خصوصی طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ مسجد امام رضا (ع) غواڑی سمیت غواڑی کی شیعہ آبادی کے املاک کو جو نقصان پہنچایا گیا ہے ان کا فوری طور پر تخمینہ لگا کر معقول معاوضہ ادا کیا جائے۔ قرارداد میں ضلع گانچھے کی انتظامیہ اور خصوصی طور پر ضلعی سربراہ کی جانبداری پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ اجلاس میں اس حساس موقع پر عوام کو پرامن رہنے کی اپیل کی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21318