8

آیۃ الله اعرافی کا شہرِ ورامین میں ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے طلباء اور علماء کے اجتماع سے خطاب

  • News cod : 25634
  • 21 نوامبر 2021 - 15:11
آیۃ الله اعرافی کا شہرِ ورامین میں ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے طلباء اور علماء کے اجتماع سے خطاب
انہوں نے دینی طلباء پر احکام الٰہی کے اصولوں کی پابندی اور رعایت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ ہائے علمیہ کے طلباء کو اپنے کاموں کی بنیاد تزکیہ نفس،علم اور اخلاقیات پر رکھنے کی ضرورت ہے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی دینی مدارس کے سربراہ آیۃ اللہ علی رضا اعرافی نے ورامین شہر کے دورے کے موقع پر ہفتۂ بسیج اور اس شہر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاعِ مقدس میں متحرک قوت ہماری رضاکار فورس تھی۔

آیۃ الله اعرافی نے ہفتۂ بسیج کے بارے میں مزید کہا کہ ہم مسلط کردہ جنگ میں بسیج کے بغیر نہیں جیت سکتے تھے،ہمیں انقلاب اسلامی سے پہلے کی جنگوں میں ہمیشہ شکست ہوئی اور اس کی وجہ سرداروں میں رضاکارانہ جذبے کی کمی تھی اور اس کی ایک مثال ترکمانچائے معاہدہ تھا جس میں بسیجی ثقافت اور مزاحمت کے جذبے کے فقدان کی وجہ سے آدھا ایران الگ ہو گیا۔

ایرانی دینی مدارس کے سربراہ نے کہا کہ دشمن کی طرف سے مسلط کردہ جنگ میں پوری دنیا انقلاب اسلامی کے خلاف کھڑی تھی،لیکن ہماری رضاکار فورس اور عوام نے معجزانہ طور پر جدید اسلحہ جات کے نہ ہونے کے باوجود دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا اور امام راحل رحمۃ اللہ علیہ کی دور اندیشی سے بسیج دنیا میں ایک نمونہ بن گیا،مقاومت اور مزاحمت کی ثقافت کی بنیاد بسیج نے رکھی اور آج بہت سارے ممالک میں آزادی پسند لوگوں کا بسیج رول ماڈل ہے۔

انہوں نے دینی طلباء پر احکام الٰہی کے اصولوں کی پابندی اور رعایت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ ہائے علمیہ کے طلباء کو اپنے کاموں کی بنیاد تزکیہ نفس،علم اور اخلاقیات پر رکھنے کی ضرورت ہے اور آپ اپنے اندرونی معاملات کو خدائی احکامات کے مطابق رکھیں اور اگر ایسا ہوا تو امام خمینی(رح)،آیۃ اللہ صدر(رح) اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ امام خامنہ ای جیسے پیدا ہوں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25634