12

بلتستان میں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے تمام زمینیں عوام کی ملکیت ہیں، سید احمد شاہ الحسینی

  • News cod : 25645
  • 21 نوامبر 2021 - 16:03
بلتستان میں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے تمام زمینیں عوام کی ملکیت ہیں، سید احمد شاہ الحسینی
مام سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے اس کمی کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عارضی ٹیچرز لگا کر پورا کیا ہوا ہے،لہذا عوام بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے حقوق کا مطالبہ کرے۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ جامع مسجد گمبہ سکردو بلتستان حجۃ الاسلام والمسلمین سیداحمد شاہ الحسینی نے نمازِ جمعہ کے خطبے میں کہا کہ انتظامیہ عوام کی زمینوں کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر کے بلتستان کی امن و امان کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے بلتستان میں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے تمام زمینیں عوام کی ملکیت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ کی طرف سے یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم بالکل خاموش نہیں رہیں گے ہم اپنی زمینوں کی خرید و فروخت میں خودمختار ہیں کیونکہ بلتستان میں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے۔

امام جمعہ گمبہ سکردو نے انتظامیہ کو مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اپنی نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لے ورنہ سخت احتجاج اور رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا
اور حالات خراب ہونے کی صورت میں حکومت ذمہ دار ہو گی۔

حجۃ الاسلام سید احمد شاہ الحسینی نے عوامی بیداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے اس کمی کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عارضی ٹیچرز لگا کر پورا کیا ہوا ہے،لہذا عوام بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے حقوق کا مطالبہ کرے۔

انہوں نے این ٹی ایس کی سیٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ دو کے لئے این ٹی ایس کی 32 سیٹیں تھیں جسے چھپاکر صرف سات سیٹس ظاہر کی گئی ہے جو کہ سراسر ظلم اور دوغلی پالیسی ہے،اس ادارے کی طرف سے زیادتی کا یہ عالم ہے کہ ظاہر کئے گئے اُمیدواروں کو بھی دیوار سے لگایا جارہا ہے اور ان کے انٹرویوز میں دلچسپی نہیں لی جا رہی ہے۔

خطیبِ خانقاہ معلی نے طالبات کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طالبات کالجوں میں داخلے اور ٹرانسپورٹ کے حصول
کےلئےسڑکوں پر احتجاج کررہی ہیں۔بلتستان میں کالج اور اساتذہ کی کمی ہے،ان مسائل پر توجہ دینے کے بجائے حکومت نے 32گاڑیاں خریدنے کی خاطر چالیس کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے اور ہمارے نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے عوامی نمائندوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی ناقص ترسیل پر نمائندوں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے آخر ہمیں بتایا جائے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟

انہوں نے عوام سے ایک بار پھر گندم سبسڈی کے حوالے سے متنبہ کیا اور کہا کہ عوام بیدار رہے گندم کی کٹوتی پر ہمارے نمائندوں کی خاموش لمحہ فکریہ ہے حکومت فوری طور گندم کی کٹوتی کو واپس لے بصورت دیگر عوامی احتجاج اور دھرنوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خطبے کے آخر میں حالیہ دنوں کراچی میں انتقال پانے والے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین قبلہ شیخ حسن فخر الدین کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کو خطۂ بلتستان کے لئے ایک عظیم نقصان قرار دیا اور ان کی دین اسلام کے لئے کی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی ایصال ثواب کے لئے دعا و فاتحہ خوانی کی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25645