14

قائد ملت جعفریہ پاکستان سے مجمع جہانی تقریب مذاہبِ کے سیکرٹری جنرل کی وفد کے ہمراہ ملاقات

  • News cod : 27143
  • 28 دسامبر 2021 - 15:07
قائد ملت جعفریہ پاکستان سے مجمع جہانی تقریب مذاہبِ کے سیکرٹری جنرل کی وفد کے ہمراہ ملاقات
ملاقات میں شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی شامل تھے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مجمع جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے اپنے اعلی سطحی وفد جس میں مجمع تقریب کی سپریم کونسل کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی اور ڈاکٹرآقای محسن مسچی و دیگر شامل تھے کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی شامل تھے۔ ملاقات میں آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے اتحاد امت کیلئے پاکستان میں قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اتحاد امت کی کاوشوں میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے علماءو دانشوروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، جن سے دنیا کے دیگر اسلامی ممالک مستفید ہو سکتے ہیں، انہوں نے مسلم ممالک کے مابین اسلامی یونین کی تشکیل کی اپنی تجویز کے مفاہیم پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو عملی طور پر ایک امت کی لڑی میں پرونے کے نظریہ کو قابل عمل قرار دیا۔ اور اس ضمن میں پاکستان میں قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے کردار کو اتحاد امت کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا۔

اس موقع پر قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مہمانان گرامی کے دورہ پاکستان پر ان کو خوش آمدید کہا اور مجمع جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی کی عالم کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں نفرت، گروہ بندی اور تکفیر کی فضاءکے خاتمے کے لیے ماضی میں کیے گئے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا اور امن و امان کے ساتھ ملک میں مذہب کے روشن چہرے اور اسلامی احیاءسے عوام کو روشناس کرانے کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماو¿ں نے مستقبل میں ان تجربات کی روشنی میں اسلامی ممالک کو یکجاءکرنے کی کاوشوں پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے آخر میں مہمان وفد کے سربراہ آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے علامہ سید ساجد علی نقوی کو روایتی تحائف پیش کیے۔ بعدازاں وفد کے اعزاز میں قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=27143