11

مسلمانوں کو اپنے وسائل ایک دوسرے کے مفاد اور فائدے میں استعمال کرنا چاہیئے، آیت اللہ شہریاری

  • News cod : 27647
  • 07 ژانویه 2022 - 14:27
مسلمانوں کو اپنے وسائل ایک دوسرے کے مفاد اور فائدے میں استعمال کرنا چاہیئے، آیت اللہ شہریاری
کراچی میں منعقدہ "اتحاد امت کانفرنس" سے خطاب میں مقررین نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے وسائل ایک دوسرے کے مفاد اور فائدے میں استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے پاکستان، ایران، ترکی اور سعودی عرب کے اتحاد پر بھی بات کی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پیامبر اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ماننے والے تمام مسلمانوں کو آپس میں محبت و رحمدلی کے ساتھ رہنا ہوگا اور دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایران سے آئے ہوئے وفد کے سربراہ سیکرٹری جنرل عالمی ادارہ برائے یکجہتی مسالکِ اسلامی آیت اللہ حمید شہریاری نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیراہتمام کل رات 4 جنوری 2022ء کراچی کلب انیکسی، لالہ زار میں منعقدہ اتحادِ امّت کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے وسائل ایک دوسرے کے مفاد اور فائدے میں استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے پاکستان، ایران، ترکی اور سعودی عرب کے اتحاد پر بھی بات کی۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ عالمی استعمار ہمارے نبیؐ اور مسلمانوں کے دشمن ملعون سلمان رشدی کو پناہ دیتا ہے، اسے انعام و اکرام سے نوازتا ہے اور دوسری طرف مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے لیے جدوجہد کرنے والے عظیم سپہ سالار سردار قاسم سلیمانی کو شہید کر دیتا ہے۔ مغرب کا دوہرا معیار صرف عالمِ اسلام اور مسلمانوں کے لیے ہے۔ فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ صہیونی طاقتیں پاکستان کو بھی کمزور کرنا چاہتی ہیں، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لیے تمام مسالک کے رہنماوں کو اخلاص سے کوشش جاری رکھنا ہوگی۔

ایران سے آئے ہوئے خبرگان رہبری کونسل کے اہلسنت رکن مولوی نذیر سلامی نے اردو میں تقریر کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے وسائل سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ کانفرنس میں اسلامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر حسن میثمی، مولانا رضی حیدر زیدی، علامہ ناظر تقوی، ہیئت ائمہ مساجد و علماءِ امامیہ کراچی کے علامہ سید صادق تقوی، جامعہ علمیہ ڈیفنس کے مولانا سید تقی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی آقای نوریان اور کونسل جنرل و دیگر اراکین، البصیرہ کی جانب سے علامہ رفاحی، مفتی محمد ہاشم سندھی، آغا زمانی، جمیعت علمائے پاکستان نورانی کے سید عقیل انجم، معروف شیعہ ذاکر علی کرار نقوی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور کئی دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے انجام دیئے۔ آخر میں مہانوں کے لیے تناول مآحضر کا اہتمام تھا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=27647