9

چیف آف نیول سٹاف کی آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی سے ملاقات

  • News cod : 29319
  • 10 فوریه 2022 - 14:28
چیف آف نیول سٹاف کی آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی سے ملاقات
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے وفد کے ہمراہ ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے وفد کے ہمراہ ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں عراق میں پاکستان کے سفیر احمد امجد علی اور ڈیفینس اتاشی برگیڈیئر محمد وصی الدین بھی موجود تھے۔

ملاقات میں آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی نے کہاکہ پاکستان کو عراق کے ساتھ دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہیے تاکہ اس سے جہاں عراق کا دفاع محکم ہو گا، وہاں پر پاکستان کی اقتصادی حالت بھی مضبوط ہو گی۔ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت رکھتا ہے اور اس کا اظہار کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی نے مزید کہاکہ پاکستان اور عراق کے درمیان ہر شعبہ میں تعلقات محکم سے محکم تر ہونے چاہئیں اس سے جہاں عراق کو فائدہ ہوگا اس سے کئی گنا زیادہ پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کی مضبوطی سے دونوں ممالک کی تجارت اور اقتصاد کو فروغ ملے گا اور یہ چیز دونوں ملکوں کی عوام کے حق کے لیے ضروری ہے۔
مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ تعلقات میں جلد پیش رفت دکھائے تاکہ اس موقع سے دونوں ملک زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔

دوسری جانب پاکستانی چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کی بڑھتی ہوئی پیش رفت سے آگاہ کیا اور مزید یہ توقع بھی ظاہر کی کہ ان شاء اللہ دونوں ممالک کے درمیان بہت جلد ہر شعبہ میں مثالی تعلقات ہونگے۔

آخر میں آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی نے امت مسلمہ کی ترقی و سر بلندی کے لیے دعا فرمائی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29319