9

وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، اعلامیہ جاری

  • News cod : 29581
  • 15 فوریه 2022 - 11:34
وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، اعلامیہ جاری
دونوں ممالک کی جانب سے اتفاق ہوا کہ پاکستان اور ایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد واحدی نے ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاک ایران برادرانہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تجارت اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، پاک ایران سرحد پر رہنے والے لوگوں کی معاشی ترقی کے لیے سرحدی غذائی منڈیوں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، سیکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے حمایت پر ایرانی حکومت اور سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے حوالے سے خیالات کے تبادلے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے افغانستان کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی بدحالی کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان کے استحکام کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے ایرانی صدر رئیسی کو جلد از جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیر داخلہ احمد واحدی نے وزیر اعظم کو ایرانی قیادت کی جانب سے تہنیتی مبارکباد پیش کی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایران کی خواہش کا اعادہ کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29581