9

حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کی ولایت مکمل نظام حیات ہے، ثقلین علی جعفری

  • News cod : 29593
  • 15 فوریه 2022 - 14:19
حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کی ولایت مکمل نظام حیات ہے، ثقلین علی جعفری
ولادت باسعادت امیرالمومنین حضرت امام علیؑ کے موقع پر اپنے پیغام میں اے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ اگر کوئی انسان اپنے آپ کو اس معاشرے میں سعادت مند بنانا چاہتا ہے، تو اس پر لازم ہے کہ ولایتِ امیر کائنات امام علی علیہ السلام پر عمل کرے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر ثقلین علی جعفری کا کہنا ہے کہ حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت مکمل نظام حیات ہے، اس ولایت کو قبول کرکے اور اس پر زندگی گزارنے کو ہی دستورِ نجات کہتے ہیں، اگر کوئی انسان اپنے آپ کو اس معاشرے میں سعادت مند بنانا چاہتا ہے، تو اس پر لازم ہے کہ ولایتِ امیر کائنات امام علی علیہ السلام پر عمل کرے۔ ولادت باسعادت امیرالمومنین حضرت امام علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں ثقلین علی جعفری نے کہا کہ دور حاضر میں تعلیمات حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کا دقیق نظری سے مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے،
نوجوانان ملت حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کی شخصیت کے خلاف عالمی پروپیگنڈہ کو اپنی علمی و عملی قوت سے ناکام بنائیں اور ان کے مقابلے میں ان کی شخصیت کے ہر عملی پہلو کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔

ثقلین علی جعفری نے کہا کہ حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کے مکتوبات، خطبات، فرامین اور حکمت کے ذخیرے نہج البلاغہ سے معرفت حاصل کریں، تاکہ پوری دنیا میں معرفتِ مولائے کائنات امام علی علیہ السلام کے مطابق اسلام کے پیغام کی صحیح و سالم معنی میں ترویج و تبلیغ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام نے اپنی پوری زندگی راہ خدا میں بسر کر دی، ہمیں چاہیے کہ مولائے کائنات امام علی علیہ السلام کی زندگی کے اس عظیم پہلو کو خاص و عام میں روشناس کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے اس پُرمسرت موقع پر تمام امت اسلامیہ، رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ اور بالخصوص حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ شریف کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29593