25

فاضل عالم دین بننے کے لئے درس کو کتابت کی شکل میں محفوظ کرنا ضروری ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 30068
  • 26 فوریه 2022 - 8:37
فاضل عالم دین بننے کے لئے درس کو کتابت کی شکل میں محفوظ کرنا ضروری ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے جامعۃ المنتظر لاہور میں طلباء سے خطاب میں کہا کہ ہم حضرت آیۃ اللہ سید ابوالقاسم خوئی سے جو کچھ کسب کرتے تھے اسے پہلی فرصت میں لکھتے تھے اور اس وقت میرے پاس ان لکھے ہوئے دروس کی تین جلدیں موجود ہیں اور سید ضیاء الحسن نے اس کو ترتیب دیا ہے اور کچھ جلدیں زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آ چکی ہیں اور کچھ زیر طبع ہے۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے جامعۃ المنتظر لاہور میں طلباء سے خطاب میں کہا کہ ہم حضرت آیۃ اللہ سید ابوالقاسم خوئی سے جو کچھ کسب کرتے تھے اسے پہلی فرصت میں لکھتے تھے اور اس وقت میرے پاس ان لکھے ہوئے دروس کی تین جلدیں موجود ہیں اور سید ضیاء الحسن نے اس کو ترتیب دیا ہے اور کچھ جلدیں زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آ چکی ہیں اور کچھ زیر طبع ہے۔ہم ایک دفعہ علم کو ذہن نشین کرتے ہیں، لیکن ممکن ہے کہ یہ علم دو تین دن بعد بھول جائے اور ایک دفعہ ہم علم کو کتابت کے ذریعے قید کرتے ہیں جسے آپ جب بھی چاہئے پڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے طلباء پر حصول علم کے لئے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ حقیقی معنوں میں ایک فاضل طالب علم بننا چاہتے ہیں تو لکھنا ہوگا لکھیں گے تو فاضل بنیں گے، لکھیں گے تو آپ کو طالب علم کہا جائے گا، لکھیں گے تو آپ کو پڑھا لکھا طالب علم کہا جائے گا وگرنہ ہم نے اس چیز کا نجف اشرف میں مشاہدہ کیا ہے کہ جو طالب علم پڑھا لکھا نہیں ہوتا تھا اگر اس کے بارے میں پوچھے تو کہا جاتا تھا کہ ’’بلہ شخص مقدسی است‘‘ ہاں وہ ایک مقدس شخص ہے۔مقدس شخص کا مطلب، نماز پڑھنا، دعائیں اور قرآن پڑھنے کا ہوتا تھا اور انہیں معلوم ہوتا تھا کہ یہ شخص پڑھا لکھا نہیں ہے۔

انہوں نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مایہ ناز اساتذہ کی علمی شخصیات کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ حضرت آیۃ اللہ سید محمد روحانی ایک ممتاز مرجع تقلید اور آیۃ اللہ العظمی سید ابو القاسم خوئی کے شاگرد اور حضرت آیۃ اللہ حافظ بشیر کے استاد تھے، ایک دفعہ ان سے ملاقات کرنے گئے تو وہاں پر موجود ایک عالم دین نے میرا تعارف کراتے ہوئے جامعۃ المنتظر کا بھی ذکر کیا تو انہوں نے حافظ بشیر نجفی صاحب کے بارے میں کہا کہ وہ تمہارے لئے فخر ہیں کہ ’’شخص محصل است‘‘ یعنی پڑھا لکھا شخص ہے یہ نہیں کہا کہ حافظ بشیر نجفی مجتہد ہیں بلکہ کہا کہ پڑھا لکھا آدمی ہے، لہذا ایک پڑھا لکھا عالم دین بننے کے لئے ضروری ہے کہ ہم کتابت اور لکھنے کی عادت کریں۔

آیۃ اللہ حافظ ریاض نقوی نے حصول علم کے لئے دور حاضر کی جدید سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل طالب علموں کے پاس بہت ساری سہولیات موجود ہیں اور پرانے زمانوں میں ایسی سہولیات فراہم نہیں ہوتی تھیں اور غربت کا زمانہ ہوتا تھا لیکن طلباء حصول علم کے لئے دن رات محنت کرتے تھے۔

انہوں نے قرآن مجید کو علم کا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ درحقیقت تمام علوم کا مرجع قرآن مجید ہے اور اگر کوئی طالب علم قرآن مجید کو ٹھیک سے سمجھ سکا تو ٹھیک ہے وگرنہ اس نے کچھ بھی نہیں سیکھا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30068