7

دہشتگردوں کو پھانسی دی جاتی تو یہ واقعات رونماء نہیں ہوتے،شیعہ علماء کونسل پاکستان

  • News cod : 30509
  • 05 مارس 2022 - 8:58
دہشتگردوں کو پھانسی دی جاتی تو یہ واقعات رونماء نہیں ہوتے،شیعہ علماء کونسل پاکستان
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے پشاور دھماکے کیخلاف کراچی کے عزاخانہ زہرا (ع) کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان نے پشاور سانحہ پر 3 دن یوم سوگ کا اعلان کر دیا، 6 مارچ کو کراچی سمیت پورے ملک میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے پشاور دھماکے کیخلاف کراچی کے عزاخانہ زہرا (ع) کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر علامہ عباس وزیری، علامہ اکبر زاہدی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ پشاور میں نماز جمعہ کے وقت افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، مملکت خداداد پاکستان آج پھر دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے، آج پشاور کے دھماکے اور گذشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج کے روز 50 سے زائد نمازی شہید جبکہ 100 سے زائد نمازی زخمی ہیں، ہمارے ملک کا طاقتور سسٹم بھی دہشت گردوں کو کنٹرول نہیں کر پارہا، دہشتگردی ختم کرنے کے لئے کئی آپریشن کئے گئے، آج ہونے والا دھماکہ نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں دہشت گردی عروج پر ہے، ریاست اور انتظامیہ دونوں ہی اسے کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں، ریاست اعلان کرے کہ وہ ناکام ہے، تاکہ شہری اپنی حفاظت خود کرسکیں، گذشتہ بیس سالوں سے شہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں مل سکا ہے، اگر دہشتگردوں کو پھانسی دی جاتی تو یہ واقعات رونماء نہیں ہوتے، لوگ اپنے سیاسی مفادات کے لئے لانگ مارچ کر رہے ہیں، پاکستان کے شہریوں کے لئے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے جا رہے، شیعہ علماء کونسل کی جانب سے 3 دن یوم سوگ کا اعلان کرتے ہیں، 6 مارچ کو کراچی سمیت پورے ملک میں پرامن احتجاج ہوگا، 11 مارچ بروز جمعہ کو پورے پاکستان میں پرامن احتجاج کئے جائیں گے، ہمارے مطالبات ہیں کہ زخمیوں کو اچھی طریقے سے طبی امداد فراہم کی جائیں اور شہداء کے لواحقین کو 50 پچاس لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30509