13

اتحاد بین المومنین کے ذریعے ہی دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے، علامہ علی اصغر سیفی

  • News cod : 30718
  • 06 مارس 2022 - 15:08
اتحاد بین المومنین کے ذریعے ہی دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے، علامہ علی اصغر سیفی
جشن سے خطاب کرتے ہوئے استاد حوزہ حجۃ الاسلام علی اصغر سیفی نے کہا کہ وطن عزیز میں ہماری تنظیمیں، ملت کی قیادتیں، انجمنیں اور وحدت و اتحاد کے دعویدار اگر ہمدلی کے ساتھ قوم کے اندر نظم پیدا کرتے اور قوم کو تقسیم نہ کرتے بلکہ قوم کے کاموں کو تقسیم کرتے تو ہم نہ گلی کوچوں میں اور نہ ہی امام بارگاہوں میں شہید ہوتے۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، قم میں موجود معروف پاکستانی دینی درسگاہ مدرسۂ الامام المنتظر کے شعبۂ ثقافت کے زیر اہتمام آج یوم ولادت با سعادت حضرت امام حسین ؑ و حضرت عباس ؑکی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد ہوا۔ تلاوت کلام مجید کا شرف سید اکبر جان نے حاصل کیا جبکہ حاتم خان نے منقبت کے پھول نچھاور کئے اور طلاب کے درمیان تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مدرسے کے طالبعلموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جشن سے خطاب کرتے ہوئے استاد حوزہ حجۃ الاسلام والمسلمین علی اصغر سیفی نے کہا کہ اگرچہ آج عید کا دن ہے اور یہ دن ہمارے لئے پر مسرت دن ہے چونکہ ہم شیعہ ہیں اور معصوم علیہ السلام کا فرمان ہے کہ جس مٹی سے خدا نے ہمیں خلق کیا اس سے جو بچی تھی اس سے ہمارے شیعہ خلق کئے گئے۔ تشیع ایک ایسا روحانی رابطہ ہے جب کوئی بھی تشیع میں داخل ہوتا ہے تو خدا و اہلبیت ؑ کی نگاہ میں اس کے لئے یہ مذہب زینت ہی زینت ہوتا ہے، کیونکہ پروردگار عالم نے ہماری خلقت کو ہمارے آئمہ ؑ سے ملایا ۔
معصوم علیہ السلام کا فرمان ہے کہ شیعہ وہ ہے جو ہماری خوشی میں خوش اور ہمارے غمی میں مغموم ہوتا ہے اس وقت پشاور واقعہ کی وجہ سے ہمارے دل غمگین ہیں، یہ شہادتیں کربلا کا تسلسل ہیں اور یہ سلسلہ ظہور امام زمانہ ؑ تک جاری رہے گا۔ میں شہدائے پشاور کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ ان شہداء کا خون، امام حسین ؑ کے خون میں شامل ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہادتین بتا رہیں ہیں کہ مذہب تشیع کتنی بڑی حقیقت ہے کہ جس کو نہ قلم، نہ زبان اور نہ ہی دلیل سے ہرایا جا سکا اسی لئے آج دشمن مجبور ہوکر ہمیں قتل کر رہے ہیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین استاد سیفی نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ دوسری چیز یہ ہے کہ آج کیوں کسی اور مذہب، دین اور فرقے پر حملہ نہیں ہوتا ہے؟ کیوں فقط مذہب تشیع کو نشانہ بنایا جاتا ہے؟ کہا کہ کیونکہ یہ وہ دین ہے جس کے بارے میں بڑے بڑے مفکر اور پیشنگوئی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دور میں اگر کوئی مذہب پوری دنیا پر حکومت کرے گا تو وہ مذہب،ِ مذہبِ تشیع ہی ہے کیونکہ یہ مذہب زندہ امام پر یقین رکھتا ہے۔ وہ امام جس نے پوری زمین کی حکومت کو اپنے ہاتھ میں لینا ہے اور ظالموں کا اس زمین سے صفایا کریں گے اور جس نے امام کے ہاتھوں ختم ہونا ہے وہی لوگ آج ہمیں شہید کر رہے ہیں۔

حجۃ الاسلام علی اصغر سیفی نے کہا کہ اگرچہ ہمیں اس بات پر افسوس ہے کہ وطن عزیز میں ہماری تنظیمیں، ملت کی قیادتیں ، انجمنیں اور وحدت و اتحاد کے دعویدار اگر ہمدلی کے ساتھ قوم کے اندر نظم پیدا کرتے اور قوم کو تقسیم نہ کرتے بلکہ قوم کے کاموں کو تقسیم کرتے تو ہم نہ گلی کوچوں میں اور نہ ہی امام بارگاہوں میں شہید ہوتے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30718