3

اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون آپ کو ہاتھ میں لے گا، شیخ رشید

  • News cod : 31121
  • 11 مارس 2022 - 9:07
اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون آپ کو ہاتھ میں لے گا، شیخ رشید
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے آپ کو پوری سہولت دینا چاہتے ہیں، آپ حکم کریں، لیکن اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو کوئی لحاظ نہیں ہوگا۔

وفاق ٹائمز، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون آپ کو ہاتھ میں لے گا، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء صلاح الدین ایوبی کو گرفتار نہیں کیا گیا، پرائیوٹ ملیشیا کے 19 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرکے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے آپ کو پوری سہولت دینا چاہتے ہیں، آپ حکم کریں، لیکن اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو کوئی لحاظ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اراکین اسمبلی کو کوئی مسئلہ ہے تو اس کے لیے میں حاضر ہوں، صلاح الدین کمپنی کی مشہوری کے لیے تھانے میں بیٹھے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصار الاسلام آئین کے آرٹیکل 256 کے تحت تحلیل کی گئی، مسئلہ انصار الاسلام کا ہے لیکن دیگر پارٹیاں کود پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ گھیراؤ کی باتیں کرنے والے سن لیں، جو بھی تشدد کرے گا، اس کو کچل دیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر ملک میں کسی کی جان کو خطرہ ہے تو وہ مولانا فضل الرحمان اور میں ہوں، آصف علی زرداری یا شہباز شریف نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن کے معاملے پر پریس کانفرنس کی۔ شیخ رشید نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے دو ارکان قومی اسمبلی کو ہم نے گرفتار نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنے شوق سے تھانے میں بیٹھے ہیں، ہماری طرف سے وہ رہا ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو بھی گرفتار نہیں کریں گے، ان کی کمپنی کی مشہوری نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹے گا، جو تشدد کرے گا، اسے کچل دیا جائے گا۔ شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سڑکیں بلاک کرنے کی اپیل پر کہا کہ جہاں سڑک بند ہوگی، ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران انصار الاسلام کے ایک عہدے دار کا ویڈیو بیان بھی نشر کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ان شاء اللہ عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، یہ شکست کھائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بارہ کہو سے ایک گروپ پکڑا ہے، پورے پاکستان میں صرف دو آدمیوں کی جان کو خطرہ ہے، ایک مولانا فضل الرحمان اور دوسرا شیخ رشید، آصف زراری اور شہباز شریف کو کسی نے کچھ نہیں کہنا۔ انہوں نے کہا کہ ایم این ایز کو ہم نے گرفتار نہیں کیا، وہ شوق سے بیٹھے ہیں، پولیس پر تشدد کیا گیا، سرکاری گاڑیوں کی ہوا نکالی گئی، پانچ گھنٹے ہم نے ان سے مذاکرات کیے، جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا، یہ ملک ہے، بنانا اسٹیٹ نہیں ہے۔ قبل ازیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، خدانخواستہ عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ 70 لوگ لے آئے، ان کے لاجز میں کپڑے بدلوائے گئے، ہم نے پانچ گھنٹے مذاکرات کیے کہ ان لوگوں کو ہمارے حوالے کر دیں، انصار الاسلام کے لوگ پیچھے بھی آرہے ہیں، نتیجہ آپ بھگتیں گے، کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، باہر سے لوگ آرہے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ انہیں روک لیا جائے۔ خیال رہے کہ آج پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشنز کی کمانڈ میں کیا گیا۔
میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا، جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔ پولیس کا انصار الاسلام کیخلاف آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ اس دوران انصار اسلام کے کئی رہنما کپڑے بدل کر لاجز سے نکل گئے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس آپریشن کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کی مزید نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے جبکہ آپریشن کرنے والی ٹیم پارلیمنٹ لاجز سے روانہ ہوگئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31121