3

عراق جغرافیائی، اقتصادی، زراعتی، تاریخی اور مذہبی اعتبار سے ممتاز ہے، آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی

  • News cod : 32228
  • 29 مارس 2022 - 17:10
عراق جغرافیائی، اقتصادی، زراعتی، تاریخی اور مذہبی اعتبار سے ممتاز ہے، آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی
بصرہ کے رسول اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قرآنی ثقافتی مرکز کے ذمہ داران، بصرہ کی یونیورسٹی اور میسان کے سکینڈری ا سکول کے طلاب نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،بصرہ کے رسول اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قرآنی ثقافتی مرکز کے ذمہ داران، بصرہ کی یونیورسٹی اور میسان کے سکینڈری ا سکول کے طلاب نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے اعمال صالحہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ قیامت کے دن اعمال صالحہ سے حاصل ہونے والا مقام بلند ہے۔پس جس نے دنیا میں زیادہ اعمال صالحہ اور خداوند متعال کی اطاعت بجا لائی اس کی نیکیاں زیادہ ہونگی اور وہ اس کی احسن جزاء پائے گا جبکہ دنیا میں برائیوں کو انجام دینے والا قیامت کے دن غمگین اور حزین ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہر عاقل اپنے افعال کے نتائج کا منتظر ہوتا ہے جیسا کہ ایک محنتی اور پڑھنے والا طالب علم ہمیشہ اچھے نتیجے کا منتظر ہوتا ہے ،اسی طرح اہلبیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کو بھی اپنے زندگی کے اعمال حسنہ کی احسن جزاء کے لیے پُر امید ہونا چاہیے۔

آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اعمال کی قبولیت کا دارومدار تقوی پر ہے اور تقوی کے بغیر اعمال کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ امیر المومنین علیہ السلام امام المتقین ہیں لہذا ان کے چاہنے والے متقی ہی ہونے چاہئیں تاکہ وہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شفاعت کے مستحق قرار پائیں ۔

انہوں نے کہاکہ حصول تقوی کا پہلا قدم ہر روز رات سونے سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا ہے یعنی وہ تفکر کرے کہ اس نے جب سر تکیہ سے اٹھایا تھا تو اس نے کیا کیا عمل انجام دیا ہے۔اگر اس کو نیکی کی توفیق ملی ہے تو اس کی قبولیت کی دعا کرے ۔اگر دوسروں پر زیادتی کی ہے تو ان سے معافی مانگے ، انھیں راضی کرے اوراللہ تعالیٰ سے گڑ گڑا کر گناہوں کی معافی طلب کرے۔

آخر پر آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے کہاکہ عراق جغرافیائی، اقتصادی، زراعتی، تاریخی اور مذہبی اعتبار سے دوسرے ممالک سے ممتاز ہے اور اسی وجہ سے یہ دنیا میں صف اول رہنے کا اہل ہے۔آپ کو یہ ثابت کرنا ہے۔ آپ خاص قوم ہیں جن کو خدا نے عراق ، اس کی نعمتوں اور دوسری قوموں کی نسبت زیادہ ذہانت سے نوازا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=32228