9

وفاقی وزیر تعلیم سے قومی نصاب پر تحفظات کے حوالے سے ملاقات تسلی بخش رہی ،علامہ محمد افضل حیدری

  • News cod : 34904
  • 02 ژوئن 2022 - 20:31
وفاقی وزیر تعلیم سے قومی نصاب پر تحفظات کے حوالے سے ملاقات تسلی بخش رہی ،علامہ محمد افضل حیدری
شیعہ علماءنے سابقہ حکومت کے تعلیمی نصاب میں متنازع موادپر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سے سابقہ حکومت کے دور میںمرتب کردہ متنازع قومی نصاب پر تحفظات کے حوالے سے ملاقات تسلی بخش رہی ہے ۔شیعہ علماءکے وفدنے سابقہ حکومت کے دور میں تعلیمی نصاب میں متنازع مواد شامل کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔اورخدشے کا اظہار کیا تھا کہ متنازع نصاب تعلیم سے فرقہ واریت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا درود پاک میں اضافے کے خلاف اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے بھی ہمارے حق میں آ چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ درود میں اضافہ پارلیمنٹ کے ذریعے کیا گیا۔پارلیمنٹ ملکی معاملات پر تو قانون سازی کر سکتی ہے اسلامی عقائد پارلیمان نہیں بنا سکتی۔علامہ افضل حیدری نے کہا کہ درود ابراہیمی میں اضافے اور متنازع نصاب پر ہمارے اکابرین نے ریکارڈ درست کروانے کے لیے اپنے تحفظات کا اظہار کردیا تھا ۔ وفاق المدارس نے اپنے تحفظات پر مشتمل اعلامیہ محکمہ تعلیم کو بھجوا کر اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا۔ انہوں نے کہا وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے نصاب پر شیعہ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ صرف متفقہ نصاب تعلیم ہی نافذ کیا جائے گا ۔اور کہا کہ کوئی ایسا نصاب تعلیم نافذ نہیں کیا جائے گا جس پر کسی کو اعتراض ہو۔یکساں قومی نصاب قومی ہوگا ، جس پر تمام مکاتب فکر کا اتفاق ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ حکومت اپنے وعدہ پورا کرے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=34904