11

امام خمینیؒ نے مستضعفین میں مزاحمت کا حوصلہ بیدار کیا، علامہ احمد اقبال رضوی

  • News cod : 35020
  • 05 ژوئن 2022 - 11:51
امام خمینیؒ نے مستضعفین میں مزاحمت کا حوصلہ بیدار کیا، علامہ احمد اقبال رضوی
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے مستضعفین میں مزاحمت کا حوصلہ بیدار کیا، اسی حوصلے کی بنیاد پر آج فلسطین، کشمیر اور یمن سمیت دنیا کے مظلومین روشنی لیکر ظلم کیخلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین لاہور و دعا کمیٹی لاہور کے زیراہتمام امام خمینی (ر) کی برسی  کی مناسبت سے قومی مرکز شادمان لاہور میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس  چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کاظم کربلائی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ ممبر دعا کیمٹی لاہور سبط محمد نے دعائے توسل اور قاسم مہدی نے منقبت پیش کی۔

تقریب میں مجلس وحدت مسلمین لاہور کے کارکنان کی کثیر تعداد سمیت ماتمی دستہ وحدت، ممبر متحدہ علماء بورڈ پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی، خطیب جمعہ و جماعت جامعہ مسجد امامیہ سمن آباد علامہ سید امتیاز کاظمی، خطیب مسجد شاہ کاظمین اقبال ٹاؤن نیلم بلاک علامہ سید بشیر رضوی اور سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن افسر رضا خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ کا ایک بڑا کارنامہ عوام کو مزاحمت کے مفہوم سے روشناس کرانا تھا، آج مزاحمت دنیا کی سیاسی اصطلاحات میں ایک نمایاں لفظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے مستضعفین میں مزاحمت کا حوصلہ بیدار کیا، اسی حوصلے کی بنیاد پر آج فلسطین، کشمیر اور یمن سمیت دنیا کے مظلومین روشنی لیکر ظلم کیخلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏‏اہل مغرب نے تین صدیوں تک دنیا کو لوٹا، المیئے رقم کئے، قتل و غارت، قتل عام، ایذاء رسانی، بردہ فروشی، سختیاں وغیرہ سب کچھ اسی زمانے میں ہوا جب ان کے روشن خیال افراد دنیا کیلئے انسانی حقوق تحریر کر رہے تھے، یہ مغربی تمدن کا شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے کربلا سے فکر لے کر ایران میں انقلابِ اسلامی کی بنیاد رکھی اور انقلاب نے کامیاب ہوکر دنیا کو بتا دیا کہ کربلا آج بھی زندہ ہے اور اپنا پیغام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏امام خمینیؒ صرف گزشتہ کل کے امام نہیں بلکہ آج اور آئندہ کل کے بھی امام ہیں۔ ہماری نوجوان نسل جسے انقلاب کی ملی و انقلابی ذمہ داریاں سنبھالنا ہیں، اسے قابل اعتماد، جامع، سرعت بخش اور تغیر آفریں سافٹ ویئر کی احتیاج ہے اور وہ امام کے اسباق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ براعظم پر آبادی تھی، تہذیب تھی، قومیں تھیں۔ اہل مغرب نے گوناگوں حیلوں سے جن کی تفصیلات تاریخ میں موجود ہیں، المیئے پیدا کئے، قتل، غارت، قتل عام، ایذائیں، سختیاں، بردہ فروشی، مغربی حکومتوں نے یہ سب کیا ہے،امام خمینیؒ نے آ کر مغرب کی منافقت کو بے نقاب کر ڈالا اور اسلام محمدی کا حقیقی چہرہ پیش کر کے دنیا کو بتا دیا کہ اسلام دین فطرت ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=35020