9

عزاداری دین کی تبلیغ کاذریعہ ہے، محبت ،اخوت ،اتحاد اور وحدت کا درس دیتی ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 37057
  • 08 آگوست 2022 - 18:29
عزاداری دین کی تبلیغ کاذریعہ ہے، محبت ،اخوت ،اتحاد اور وحدت کا درس دیتی ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
پیغام عاشورہ میں حافظ ریاض نجفی نے کہا حضرت امام حسین علیہ السلام نے قربانی دے کر اپنے عظیم نانا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اوربابا حضرت علیؑ کی تبلیغات کی حفاظت کی ۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ عزاداری ،مکتب اہل بیت کے لئے اللہ کی عنایت اور دین کی تبلیغ کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ عزاداری محبت ،اخوت ،اتحاد اور وحدت کا درس دیتی ہے ،یہ کسی مکتبہ فکر کی دل آزاری کا باعث نہیں ہے۔ عزاداری سید الشہداءہماری شہ رگ کی حیات ہے۔ عزاداری ہمارے اتحاد، اجتماعیت،اور عظمت کی نشانی ہے ۔عزاداری اہل بیت اطہار سے محبت کی نشانی ہے۔ دنیا کا کوئی ایسا خطہ نہیں کہ جہاں عزاداری نہ ہوتی ہو ۔دنیا بھر میں کروڑوں محبان اہل بیت عزاداری اپنے خطے کے مطابق مناتے ہیں ۔عزاداری کو ہر صورت برقرار رکھیں گے۔عزاداری فکری تربیت کرتی ہے۔عزاداری سے منفی پیغام نہیں جانا چاہیے۔بلکہ مجالس اور جلوسوں میں ایسا نظم و ضبط قائم کریں کہ اچھا پیغام جائے کہ ملت تشیع منظم مکتب ہے۔

پیغام عاشورہ میں حافظ ریاض نجفی نے کہا حضرت امام حسین علیہ السلام نے قربانی دے کر اپنے عظیم نانا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اوربابا حضرت علیؑ کی تبلیغات کی حفاظت کی ۔امام حسین علیہ السلام نے قیام کربلا سے یہ بھی واضح کر دیا کہ معزز صرف وہی شخص ہے جو دین کے مطابق عمل کرے، جو عمل نہیں کرتا ہے وہ بادشاہ ہو یا خلیفہ کہلائے ہی اس کی کوئی قدر نہیں ہے۔ قیام کربلا نے حق اور باطل میں حدفاصل کھینچ دی ہے، کسی کی مجال نہیں ہے کہ وہ اسلام میں کوئی نیا حکم جاری کر سکے۔

وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ نے کہا کہ عزاداری کو الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نے مزید بہتر بنا دیا ہے، سو شل میڈیا اور قومی چینل عزاداری کو دکھا رہے ہیں۔ عزاداری تبلیغ دین کا حصہ ہے۔اس میں اتحاد امت اور باہمی احترام کی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے لیے بہت زیادہ افراد کا ہونا ضروری نہیں ہے۔جو ایک مجلس کروا سکتا ہے، جو پورا محرم الحرام کروا سکتا ہے یا جو عشرہ محرم الحرام کروا سکتا ہے، وہ اپنی استطاعت کے مطابق ضرور کروائے۔جو اکیلے بیٹھ کر عزاداری کرسکتا ہے ، ضرورکرے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=37057