7

مسلمان بچوں سے زبردستی بجھن پڑھوانا تہذیبی غنڈہ گردی ہے، مجلس علماء امامیہ کشمیر

  • News cod : 37986
  • 20 سپتامبر 2022 - 14:58
مسلمان بچوں سے زبردستی بجھن پڑھوانا تہذیبی غنڈہ گردی ہے، مجلس علماء امامیہ کشمیر
مجلس علماء امامیہ نے کہا کہ اگر یہ وائرل ویڈیو ایڈیٹنگ شدہ ہیں تو حکام کو سامنے آکر اس کی حقیقت بیان کرنی چاہیئے، ورنہ اس قسم کی نادان کوششوں سے مسلمانان کشمیر کے جذبات مجروح ہونگے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر مجلس علماء امامیہ نے کہا کہ سیاسی، سماجی اور اقتصادی جارحیت کے بعد اب مسلمانان کشمیر پر تہذیبی جارحیت کے ذریعہ ہندو تہذیب و ثقافت تھوپنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیر سے آئے روز ایسے ویڈیوز سامنے آرہی ہیں کہ دوردراز علاقوں کے سرکاری اور غیرسرکاری اسکولوں اور تعلیمی مراکز میں زبردستی معصوم بچوں سے ہندوازم کو فروغ دینے کی نیت سے مختلف قسم کے بجھن اور کام کرانے پر مجبور کیا جاتا ہے اور پھر ان کی ویڈیوز بناکر وائرل بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حفاظتی دستوں کا کام سرحدوں کی حفاظت ہے اور امن و سیکورٹی برقرار کرنا ہے تو پھر تعلیمی اداروں اور ایجوکیشنل انسٹیچیوٹ میں ان کا کیا کام بنتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ طاقت کے بل پر ایک تہذیب کو زبردستی تھوپنے کی کوشش نہیں ہے، کیا یہ اس سیکولرازم کی کھلی مخالفت نہیں ہے جس کا دعویٰ کیا جارہا ہے، کیا یہ معصوم بچوں کے حقوق پر ڈھاکہ ڈالنا نہیں ہے۔؟

مجلس علماء امامیہ نے کہا کہ اگر یہ وائرل ویڈیو ایڈیٹنگ شدہ ہیں تو حکام کو سامنے آکر اس کی حقیقت بیان کرنی چاہیئے، ورنہ اس قسم کی نادان کوششوں سے نہ فقط مسلمانان کشمیر کے جذبات مجروح ہونگے بلکہ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے کروڑوں کلمہ گو لوگوں کے اعتراض اور شدید غم و غصہ کا سبب بنے گا کہ جسکے سیاسی اور اقتصادی نتائج کسی بھی صورت میں مطلوب نہیں ہوں گے، جسکی ہلکی کی سی جھلک چند ماہ قبل نوپور شرما کی نبی کریم (ص) کی توہین کے بعد دیکھا گیا اور سپریم کورٹ تک کو یہ کہنا پڑا کہ اس نافہم لیڈر نے ملک میں سلامتی کو خطرہ میں ڈال کر آگ لگادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانشمندی کا تقاضا ہے کہ کسی بھی قوم و مذہب کے اصولوں، مقدسات اور تہذیب و ثقافت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے کیونکہ اس کے اتنے خطرناک نتائج نکلیں گے جس سے ہر طرف آگ لگے گی اور امن و سکون کا ماحول جل کر راکھ ہو جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ مجلسِ علماء امامیہ جموں و کشمیر تمام دینی، ملی، سیاسی اور مذہبی تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ آپس کے اختلاف کو بھلا کر اس طرح کی تہذیبی جارحیت کو روکنے کے لئے آپس کے اتحاد کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ️ائمہ جمعہ و جماعت، مبلغین و واعظین اور صاحبان قلم سے گزارش ہے وہ اس امتحان کی گھڑی میں قوم کی درست راہنمائی کریں اور فرعی اور غیر ضروری مسائل میں امت کو مبتلا ہونے سے بچایے اور بنیادی مسائل اور دین، مذہب اور ہماری تہذیب و ثقافت کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے ان کے اندر ذمہ داری کا احساس جگائیں

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=37986