9

ہم شہید فخری زادے کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے

  • News cod : 4419
  • 28 نوامبر 2020 - 0:22
ہم شہید فخری زادے کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے
حوزہ ٹائمز|رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور ایران کے سابق وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ہم شہید فخری زادے کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے۔

حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے کمانڈر جنرل سلامی نے بھی ٹوئٹ کیا کہ ایٹمی سائنسداں کا قتل، ہمیں پیشرفتہ سائنس تک پہنچنے سے روکنے کے لئے تسلط پسندوں کی جانب سے پر تشدد اور واضح تصادم کی ایک شکل ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور ایران کے سابق وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ہم شہید فخری زادے کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ صیہونی، اپنے جواری دوست کے اقتدار کے آخری دنوں میں ایک جنگ شروع کرنے کے لئے ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن رات ابھی لمبی ہے اور ہم جاگ رہے ہیں، اس شہید کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے اور اور انہیں پشیمان ہونے پر مجبور کر دیں گے۔

در ایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کی اٹیمی توانائی کے ادارے کے سابق سربراہ فریدون عباسی نے کہا ہے کہ شہید فخری زادے کو امریکا میں ڈیموکریٹوں کے اقتدار میں آنے سے پہلے شہید کیا گیا کیونکہ دشمن یہ چاہتے ہیں کہ ایران پر دبا‏ؤ ڈال کر اسے مذاکرات کے لئے تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ، مجھ پر اور شہید شہریاری پر حملے کے دس سال پورے ہونے کے موقع پر کیا گیا ہے اور آج سے 12 سال پہلے بھی شہید فخری پر حملے کے لئے دہشت گردوں کی ایک ٹیم بھیجی گئی تھی تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے اسے ناکام بنا دیا تھا۔

فریدون عباسی نے بتایا کہ دشمن گزشتہ 15 سال سے شہید فخری کے قتل کی کوشش میں تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے دو سال پہلے محسن فخری زادے کا نام لیا تھا جس کے بعد اسرائیلی میڈیا نے بتایا تھا کہ موساد نے بہت پہلے محسن فخری زادے کے قتل کی کوشش کی تھی تاہم وہ کوشش ناکام ہوگئی تھی۔

اسرائیل کی واللا ویب سائٹ نے بتایا تھا کہ موساد کے کچھ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ محسن فخری زادے، ایران کے ان سائنس دانوں میں شامل ہیں جن کا نام اس کی ہٹ لسٹ میں ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=4419