2

ایران،سعودی عرب کی دوستی مسلمانوں کے لئے آب حیات کی حیثیت رکھتی ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 46226
  • 14 آوریل 2023 - 14:52
ایران،سعودی عرب کی دوستی مسلمانوں کے لئے آب حیات کی حیثیت رکھتی ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قراردیا تھا ۔ مسلمان 57 ملک ہیں لیکن ذلیل و خوار اور بے عزت ہورہے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے افسوس کا اظہارکیا ہے کہ فلسطینی عوام سے ان کی سرزمین چھین کر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تشکیل دیا گیا۔ مگر ابھی تک وہ اپنی سرزمین کو آزاد نہیں کرواسکے۔ عالمی ادارے اور خود مسلم ممالک بے بس نظر آتے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قراردیا تھا ۔ مسلمان 57 ملک ہیں لیکن ذلیل و خوار اور بے عزت ہورہے ہیں۔ باعث شرم بات ہے کہ یکے بعد دیگرے اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں۔ اور اپنی غیرت کو داوو پر لگا چکے ہیں۔یہ سارے اسرائیل کے سامنے جھکے جا رہے ہیں۔ یہ سب اس لئے ہے کہ اللہ کی بجائے ہم نے دوسروں کو اپنا مالک اور حاکم سمجھ لیا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں منعقد ہونے والی یوم القدس ریلیوں میں اہل سنت برادران کی شرکت کو سراہا ، مگر افسوس کا بھی اظہار کیا کہ یوم القدس ریلیوں کی میزبان شیعہ تنظیمیں مختلف ٹولیوں کی شکل میں احتجاج کرتی ہیں ۔اس کا اثر بہت کم ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ تنظیمیں مل کر 20 یا 30 ہزار کی صورت میں احتجاج ریکارڈ کروائیں تو عالمی برادری اور حکومت پر بھی اچھااثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ چین نے دو بڑے اسلامی ممالک ایران اور سعودی عرب کی دوستی کروا کر اچھا کام کیا ہے، یہ دوستی مسلمانوں کے لئے آب حیات کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس دو طرفہ معاہدہ اور دوستی کے سبب یمن، شام، بحرین اور عراق کے حالات ٹھیک ہو رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی لوگ اللہ تعالیٰ کے فرامین کی بجاآوری کی بجائے امریکہ کے فرمان پر چلتے ہیں۔ ایران نے ہمیں گیس دینا چاہی ، پائپ لائن ہمارے ملک کے اندر تک بچھانا چاہتے تھے لیکن امریکہ کے ڈر سے کہیں وہ ناراض نہ ہو جائے مملکت کے مفاد پر امریکہ کے مفاد کو ترجیح دی اور اپنی عوام کے لئے مزید مشکلات کا اضافہ کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=46226