10

فلسطین کی حمایت ایران کے آئین میں شامل ہے، ایرانی صدر

  • News cod : 52223
  • 04 دسامبر 2023 - 12:43
فلسطین کی حمایت ایران کے آئین میں شامل ہے، ایرانی صدر
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران آئین کے مطابق اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد سے فلسطین اور غزہ کی غیر متزلزل حمایت کر رہا ہے۔

وفاق ٹائمز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایرانی صدر رئیسی نے اتوار کے روز تہران میں منعقدہ آئین کے نفاذ سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ غزہ اور فلسطین کے لیے ایران کی حمایت آئین کی مکمل پاسداری میں ہے جس نے اسلامی حکومت کو مظلوموں کی پشت پناہی کرنے کا پابند بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول رہا ہے۔

انہوں نے مسئلہ فلسطین کو مسلم دنیا کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی سیاسی صورت حال یا بعض علاقائی قوتوں کے مفادات ایران کی خارجہ پالیسی کے اس بنیادی اصول کو کسی صورت تبدیل نہیں کر سکیں گے۔

صدر رئیسی نے چھے ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کا قتل عام کرنے والی صیہونی رجیم کی نابودی پر یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لیے دنیا بھر میں ہونے والی بڑی ریلیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مظلوم فلسطینی عوام کے خون کو مغربی میڈیا کے پروپیگنڈوں پر فتح حاصل ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر صیہونی رجیم کے وحشیانہ حملوں کے بعد سے اب تک 15,207 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=52223