10

مختصر حالات زندگی محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلیٰ اللہ مقامہ

  • News cod : 52322
  • 07 دسامبر 2023 - 7:30
مختصر حالات زندگی محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلیٰ اللہ مقامہ
آپ نے اپنی حیات مستعار کے دوران چالیس سے زیادہ کتب تصنیف کیں اور آپ کے تراجم کی تعداد سینکڑوں میں ہے جبکہ آپ کے ہونہار شاگردوں کا شمار بجا طور پر نمایاں علمی و دینی شخصیات میں کیا جاتا ہے

محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلیٰ اللہ مقامہ 1932 میں جنوبی پنجاب پاکستان کے موضع علی پور میں پیدا ہوئے ۔

آپ نے دینی تعلیم کے ابتدائی مراحل پاکستان کےمختلف مدارس میں طے کیے اور 17 اکتوبر 1951کواعلیٰ دینی تعلیم کے لیے نجف اشرف تشریف لے گئے جہاں آپ نے درج ذیل مجتہدین عظام سے کسب فیض کیا جناب آیت اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم اعلیٰ اللہ مقامہ ، جناب آیت اللہ العظمیٰ ابو القاسم الخوئی اعلیٰ اللہ مقامہ ، جناب آیت اللہ العظمیٰ آغا بزرگ تہرانی اعلیٰ اللہ مقامہ، جناب علامہ شیخ محمد علی افغانی رحمتہ اللہ علیہ ،

جناب علامہ سید ابوالقاسم رشتی رحمتہ اللہ علیہ و دیگر

محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلیٰ اللہ مقامہ سر زمین نجف اشرف پر 5 سال گزارنے کے بعد جب پاکستان واپس تشریف لائے تو آپ نے اپنے وطن میں دینی مدارس کی کمی کو شدت سے محسوس کیا چنانچہ آپ نے ملک کے طول و عرض میں مدارس دینیہ قائم کرنے کا بیڑا اُٹھایا اور دور دراز علاقوں کی سفری صعوبتیں برداشت کیں۔ اس کے علاوہ آپ نے ملت جعفریہ کی شیرازہ بندی اور جواں نسل کی تربیت کے حوالے سے بھی بہت زحمات اُٹھائیں ۔

آپ نے اپنی حیات مستعار کے دوران چالیس سے زیادہ کتب تصنیف کیں اور آپ کے تراجم کی تعداد سینکڑوں میں ہے جبکہ آپ کے ہونہار شاگردوں کا شمار بجا طور پر نمایاں علمی و دینی شخصیات میں کیا جاتا ہے ۔ ارض خدا پر اپنے قلمی و علمی نقوش ثبت کرتے ہوئے آپ نے 3 دسمبر 1989 کو داعی اجل کو لبیک کہا اور جامعۃ المنتظر لاہور میں آسودہ خاک ہوئے

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=52322