6

پوپ سے ملاقات میں آیت‌الله سیستانی کا حکیمانہ موقف اسلام کی عزت افزائی کا باعث بنا، دفتر رہبر معظم انقلاب

  • News cod : 13141
  • 11 مارس 2021 - 8:00
پوپ سے ملاقات میں آیت‌الله سیستانی کا حکیمانہ موقف اسلام کی عزت افزائی کا باعث بنا، دفتر رہبر معظم انقلاب
دفتر رہبر معظم کے بین الاقوامی روابط کے معاون حجت‌الاسلام والمسلمین محسن قمی نے کہا کہ آیت‌الله سیستانی کی اس تاکید سے وہ تمام سازشیں دم توڑ گئیں جو غاصب صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے کی جا رہی تھیں۔

وفاق ٹائمز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق، دفتر رہبر معظم کے بین الاقوامی روابط کے معاون حجت‌الاسلام والمسلمین محسن قمی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی ثقافتی تنظیموں کے مسئولین پر مشتمل ایک وفد کے ساتھ رکھی گئی ملاقات میں اس بات کو سراہا کہ آیت‌الله سیستانی نے پوپ سے تاریخی ملاقات میں بین الاقوامی اہم مسائل خصوصا بیت المقدس کے مقبوضہ ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت‌الله سیستانی کی اس تاکید سے وہ تمام سازشیں دم توڑ گئیں جو غاصب صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے کی جا رہی تھیں۔
حجت‌الاسلام والمسلمین محسن قمی نے اپنے بیان کے تسلسل میں کہا کہ آیت اللہ سیستانی نے غربت و بیچارگی، محرومی، امتیازی سلوک اور اقتصادی پابندی جیسے مسائل پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور اس بات کی تاکید کی کہ دینی رہنماؤں کو اپنی ذمہ داریوں پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ ان کا یہ طرز عمل ادیان ابراہیمی کے پیروکاروں اور رہنماؤں کے درمیان قرآنی سبق ” کلمۃ سواء” کا نمایاں مصداق ہو سکتا ہے ، جس کے آثار و نتائج کی امید رکھنی چاہئے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین محسن قمی نے مزید کہا کہ تاریخ تشیع خصوصا حوزہ علمیہ نجف اشرف کا ماضی گواہ ہے کہ ہمارے دینی رہنما ہمیشہ سے زیرک اور بابصیرت چلے آرہے ہیں جو تاریخ کے مختلف مراحل میں درخشاں ستاروں کی مانند تھے۔ رہبر انقلاب نے کچھ برس پہلے فرمایا تھا کہ آیت اللہ سیستانی نجف اشرف میں ایک درخشاں تارے کی مانند چمک رہے ہیں۔
کیتھولک رہنما کی جانب سے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت خصوصا عیسائیوں کے تحفظ میں آیت اللہ سیستانی کے کردار کی قدردانی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے طرز عمل کے سبب اسلام اور عیسائیت کے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا، مغربی ممالک میں اسلام اور تشیع کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کی سیاست کا خاتمہ ہوگا؛ نیز اسلام اور عیسائیت کے حقیقی پیروکاروں کے باہمی تعاون سے دنیا کے محروم اور مستضعف لوگوں کی حالت بدل جائے گی اور ان پر مسلط کردہ ظالمانہ فضا کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13141