20

مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اپنے فیصلے پر پچھتائیں گے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

  • News cod : 18135
  • 31 می 2021 - 12:59
مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اپنے فیصلے پر پچھتائیں گے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا
امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اپنے فیصلے پر پچھتائیں گے۔ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مسلم امہ اور پاکستان کے فیصلہ سازوں کو پیغام دینا ہے کہ وہ اپنی پالیسی تبدیل کریں، اسرائیل کو ان کے نئے دوست مسلمان ممالک کی دوستی کی وجہ سے شہہ ملی، اب غیرمسلم ممالک میں بھی فسلطینیوں کے حق میں آواز بلند ہورہی ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اپنے فیصلے پر پچھتائیں گے۔ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مسلم امہ اور پاکستان کے فیصلہ سازوں کو پیغام دینا ہے کہ وہ اپنی پالیسی تبدیل کریں، اسرائیل کو ان کے نئے دوست مسلمان ممالک کی دوستی کی وجہ سے شہہ ملی، اب غیرمسلم ممالک میں بھی فسلطینیوں کے حق میں آواز بلند ہورہی ہے۔ پشاور میں لبیک القدس ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب عوام سڑکوں پر آئے تو اسرائیل کا ظلم آشکارہ ہوا، آئرلینڈ کی پارلیمنٹ کی اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کے حوالے سے قرارداد خوش آئند ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی اسرائیل کے خلاف قرارداد منظور کی ہے، یہ سب عوامی دباؤ کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ترکی کے راستے ضروری اشیاء فلسطین پہنچا رہی ہے، اب تک 10 کروڑ سے زیادہ کی امداد فلسطین پہنچا چکے ہیں۔ پینٹاگان کا پاکستانی حکومت کی جانب سے امریکہ کو اڈے دینے کا بیان تشویشناک ہے، طالبان کی جانب سے بھی اس پر تشویش کے اظہار سے پتہ چل رہا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ حکومت کو شمسی ائیر بیس کی طرح دوبارہ امریکہ کو اڈے نہیں دینے دیں گے۔ فلسطینیوں کی حمایت پر تیونس، قطر، ترکی، ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ملین مارچ صحافی برادریاں کے ساتھ ہے، ہم اسد طور، حامد میر، ابصار عالم و دیگر صحافیوں کیساتھ کھڑے ہیں، صحافیوں کے گھر میں گھس کر مارنا ناجائز اور ظلم ہے، پورا ملین مارچ صحافی برادری اور فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت نے کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ کشمیر، افغانستان اور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کامیاب لبیک القدس ملین مارچ نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی مسلمان اسرائیلی مظالم پر برہم ہیں۔ حکومت اسرائیل کے حوالے سے سخت فیصلے کرے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ امت مسلمہ کے رہنماؤں میں غیرت نہیں ورنہ حماس نے مسلم سربراہان سے اپنے دس فیصد اسلحے کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ اگر امت مسلمہ یہ اسلحہ فراہم کردے تو ہم گارنٹی دیتے ہیں کہ اگلی نماز جمعہ مسجد اقصیٰ میں ادا کریں گے۔ مسلم حکمرانوں نے فلسطین سے منہ موڑ کر اپنی عاقبت خراب کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ الاقصیٰ اور فلسطین سے غافل نہیں۔ اسرائیل کے نئے دوست اسے جنگی جرائم سے روکنے کے قابل نہیں تھے، اس وجہ سے اسرائیل شیر ہوگیا اور فلسطین میں مظالم کا بازار گرم کیا۔ پاکستان کے عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین سمیت افغانستان، کشمیر اور دیگر اسلامی ممالک جو سامراج کے شکنجے میں آزاد ہوں گے۔ ہماری جدوجہد نہیں رکے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=18135