حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اربعین کے موقع پر ملک بھر میں عزاداری کے پُرامن، پُرعقیدت اور بھرپور جلوسوں کے انعقاد پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محب وطن شیعہ و سنی قوم نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ ملت اسلامیہ ایک بیدار، باوقار اور غیرت مند قوم ہے جو حسینیت کے دشمنوں اور ملک دشمنوں کا ان کی قبر تک تعاقب کرتی ہے۔حسینیت کو محدود کرنے کے لیے شیطانی منصوبہ سازی میں مصروف سعود و یہود کے چیلوں کی عقلیں زائل ہو چکی ہیں۔گلی محلے سے نکلتے ہوئے عزاداری کے جلوس اور حسین زندہ باد کے فلک شگاف نعرے یزیدیت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا پنجاب کے مختلف علاقوں میں اربعین کے بعد مقدمات کا اندراج تشویش کا باعث ہے۔عزاداری اور جلوس میں شرکت کے لیے پیدل سفر ہماری عبادت و عقیدت ہے جس کے اظہار سے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔قانون کی آڑ میں اس طرح کی متعصبانہ کاروائیاں اختیارات کا ناجائز استعمال ہے جس کسی طور قابل قبول نہیں۔پنجاب پولیس میں موجود سابق حکومت کے ہمدرد ملت تشیع کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت سے بدظن کرنے کے لیے انتقامی حربے استعمال کر رہے ہیں۔حکومت ایسے سازشی عناصر سے ہوشیار رہے۔تشیع کے خلاف مقدمات کا سلسلہ اگر نہ روکا گیا تو موجودہ حکومت کے خلاف ان گنت سوال کھڑے ہوجائیں گے۔مذہبی آزادی اس ملک میں بسنے والے ہر شخص کا آئینی حق ہے کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمارے اس اختیار کو سلب کرے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور تمام صوبائی وزراء اعلی سے مطالبہ کیا ہے کہ عزاداری کی بنیاد پر قائم کیے گئے تمام مقدمات خارج کیے جائیں اور آئندہ کسی عزادار پر جلوس نکالنے کی پاداش میں کسی بھی قسم کا مقدمہ درج نہ کیا جائے۔عزاداری سید الشہدا کے حوالے سے ہمارے موقف بالکل واضح اور شفاف ہے۔یہ ہماری عبادت ہے جس پر کسی بھی قسم کی قدغن قابل قبول نہیں۔ایسے ہر اقدام کی ہم کھل کر مخالفت کریں گے جس سے ہمارے عزاداروں کو کسی غیر ضروری آزمائش کا سامنا کرنے پڑے۔