12

میانوالی، امام خمینی ٹرسٹ کے زیراہتمام علماء کانفرنس کا انعقاد، اہم علماء کی شرکت

  • News cod : 29453
  • 13 فوریه 2022 - 9:34
میانوالی، امام خمینی ٹرسٹ کے زیراہتمام علماء کانفرنس کا انعقاد، اہم علماء کی شرکت
انہوں نے واضح کیا کہ یہ علماء ہی کا کردار ہے کہ عالمی سامراجی سازشوں کے باوجود آج تشیع سر اٹھا کر اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے آئمہ جماعت سے امید ظاہر کی کہ وہ علمائے حقہ کا کردار ادا کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کردار میں علماء کا بھرپور ساتھ دے کر ملک کے مستقبل کو روشن بنائیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی ٹرسٹ کے زیراہتمام پاکستان میں علماء کے کردار کے حوالے سے علماء کانفرنس ماڑی انڈس میانوالی میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانان خصوصی برزگ عالم دین علامہ سید افتخار حسین نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی تھے، جبکہ دیگر شرکاء میں ایس یو سی پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ سمیت کثیر تعداد میں مدرسین، آئمہ جماعت اور دیگر علماء و زعماء شامل تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید افتخار حسین نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں علماء کے کردار کو حقیقی رہنماء کردار قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک نہ صرف ہر تحریک میں علماء نے اپنا معتبر حصہ ڈالا بلکہ ہر قومی اور بین الاقوامی مسئلے پر بھی قوم کی رہنمائی میں بڑھ چڑھ کر علمی و عملی کردار ادا کیا۔

انہوں نے حال ہی میں فیملی لاز کی قانون سازی میں علماء کے کردار پر روشنی ڈالی کہ کیسے سیاسی حکومتوں میں عوام کو ان کے مذہبی حقوق کی فراہمی ممکن بنانے میں مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں مسائل کو گفتگو، بریفنگ اور دلائل کے ذریعے علماء نے حقوق کی بنیادی جدوجہد کی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے علماء کو عوام کے شہری اور مذہبی حقوق کے لیے جدوجہد مزید آگے بڑھانے کی تاکید کرتے ہوئے عوام کو علماء کے دست و بازو مضبوط کرنے کی بھی اپیل کی۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں وطن عزیز پاکستان میں علمائے حقہ کے کردار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عوامی حقوق کی جدوجہد میں ناصرف علماء بلکہ عوام کو بھی شہری حقوق کا آئینی شعور بخشا اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے سیاسی اور مذہبی خدمات کو علماء کے لیے مثالی قرار دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ علماء ہی کا کردار ہے کہ عالمی سامراجی سازشوں کے باوجود آج تشیع سر اٹھا کر اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے آئمہ جماعت سے امید ظاہر کی کہ وہ علمائے حقہ کا کردار ادا کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کردار میں علماء کا بھرپور ساتھ دے کر ملک کے مستقبل کو روشن بنائیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین میں علماء کے کردار کو سراہا اور اس ضمن میں ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کو مثالی تجربات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دو پلیٹ فارمز پر عوام کے بھرپور اعتماد نے ثابت کیا کہ پاکستان کی عوام اپنے علماء سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتی اور ان کو معاشرتی اور سیاسی میدان میں اپنے حقوق کا محافظ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی الحمداللہ مسلمانوں کو پاک سرزمین پر علمائے حقہ کی قیادت نصیب ہے، جس میں قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی جیسی شخصیت کا سایہ بھی قوم کے سر پر موجود ہے۔ انہوں نے علماء کی قیادت میں پاکستانی عوام کے مستقبل کو بھی تابناک قرار دیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ نے تحریک پاکستان سے لیکر قیام پاکستان اور پھر مختلف ادوار میں شیعہ قیادت کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے قائدین تشیع، خطیب اعظم علامہ سید محمد دہلوی، مفتی اعظم علامہ مفتی جعفر حسین، قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی تاریخ ساز قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بعد قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت کی قیادت کو پاکستان میں بسنے والے تشیع کے لیے رحمت خداوندی قرار دیا۔ انہوں نے حال ہی میں مسلم عائلی قوانین میں ترامیم اور قانون سازی کو اس صدی کا بہترین کارنامہ قرار دیتے ہوئے اس قانون سازی کے لیے علامہ سید افتخار حسین نقوی کی جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ اس قانون کے ذریعے اپنے عقائد کے مطابق قانون سازی کے لیے راستے ہموار ہوسکیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر علامہ افتخار حسین نقوی نے حاضرین کانفرنس سمیت وطن عزیز پاکستان کی دن دگنی رات چوگنی ترقی کے لیے دعا کی اور علماء و عوام سے مل جل کر ملک کی تعمیر و ترقی، امن و امان اور اتحاد بین المسلمین کے لیے کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29453