15

شہادتوں کاعظیم مشن کربلا سے شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے، علامہ رمضان توقیر

  • News cod : 36995
  • 05 آگوست 2022 - 17:13
شہادتوں کاعظیم مشن کربلا سے شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے، علامہ رمضان توقیر
ڈیرہ سٹی حسینی چوک پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پانچویں محرم الحرام کی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہادتوں کا عظیم مشن کربلا سے شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے۔شہادتیں ہی عزاداری کی بقا ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ سٹی حسینی چوک پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پانچویں محرم الحرام کی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہادتوں کا عظیم مشن کربلا سے شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے۔شہادتیں ہی عزاداری کی بقا ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج فرزند خمینی،قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت کا دن ہے۔ایام عزا میں قائد شہید کی شہادت پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہید حسینی کا بنیادی مشن امت مسلمہ میں بیداری،عزاداری سید الشہداء کا فروغ اور نوجوان نسل میں شعور کو پیدا کرنا تھا۔وہ ظلم و ظالم ،استعمار اور امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشوں کیخلاف جدوجہد کر رہے تھے۔ شہید کی مظلومانہ شہادت ان کی اپنے مشن میں کامیابی کی مصداق ہے۔ خود شہید کی شہادت اس بات کی گواہی ہے کہ وہ اپنے اس مشن میں کامیاب رہے۔ کیونکہ ایک مومن کیلئے شہادت سے بڑھ کر کوئی کامیابی نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج 4 اگست یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہدائے پولیس اور بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے جانے والے آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے ملک و ملت کی محافظت کرنے کے ساتھ ساتھ ہر مشکل گھڑی اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ان شہدائے فورسز کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیز میں امن و امان کا قیام ممکن ہے۔کسی حد تک دہشت گردوں کی سرکوبی کی گئی۔ایام محرم الحرام میں ناخوشگوار واقعات کے سدباب،عوام کے جان و مال اور بلخصوص عزاداروں کی حفاظت کےلئے ان کی خدمات قابل تحسین ہے۔

مجلس عزا کے آخر میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی۔شہدائے سیکورٹی فورسز اور شہدائے ملت جعفریہ کے لئے دعا مغفرت اور فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36995