14

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی جانب سے کاظمین میں زائرین پر حملے کی شدید مذمت

  • News cod : 13003
  • 09 مارس 2021 - 22:16
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی جانب سے کاظمین میں زائرین پر حملے کی شدید مذمت
علامہ محمد افضل حیدری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد تنظیم داعش عالمی امن کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے، اس کا وجود نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، عراق میں کافی حد تک امن و امان کی صورتحال قائم ہوچکی تھی اب دوبارہ بد امنی پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن دشمن کے یہ عزائم بھی ہمیشہ کی طرح ناکام ہونگے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ علامہ محمد افضل حیدری نے کاظمین عراق میں دھماکے کے نتیجے میں زائرین کی شہادت اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔

علامہ محمد افضل حیدری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد تنظیم داعش عالمی امن کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے، اس کا وجود نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، عراق میں کافی حد تک امن و امان کی صورتحال قائم ہوچکی تھی اب دوبارہ بد امنی پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن دشمن کے یہ عزائم بھی ہمیشہ کی طرح ناکام ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے عراق کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

علامہ افضل حیدری نے مزید کہا کہ عراق سے داعش کے خاتمے میں حشد الشعبی (عوامی رضاکار فوج) کے جرات مندانہ کردار کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ عراق کے غیور عوام نے اخوت و اتحاد سے نہ صرف داعش کو شکست دی بلکہ عالمی استکباری قوتوں کے عزائم کو بھی خاک میں ملایا اور امریکی مذموم مقاصد کے سامنے عراق کے یہی باوفا بیٹے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہوئے اور امریکہ کی حمایت یافتہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو بدترین شکست دی۔ عالم استعمار اس عوامی فوج کے وجود سے سخت خائف ہے اور ہر قیمت پر اس کا خاتمہ چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاظمین میں دہشتگردی کا حالیہ واقعہ افسوسناک ہے، اس طرح کے واقعات سے لوگوں کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، داعش اور اس کی فکری و مالی معاونت کرنے والوں کا بھی محاسبہ کرنا ہوگا، چاہے وہ جس روپ اور جس ملک میں ہوں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13003