6

ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے اتوار کو اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کی کال دے دی

  • News cod : 17311
  • 14 می 2021 - 20:11
ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے اتوار کو اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کی کال دے دی
امریکہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکاوٹ بنا ہوا ہے تاکہ اسرائیل زمین و آسمان سے فلسطینیوں پر آگ برسا سکے۔ اسرائیل نے زمینی حملے کی بھی دھمکی دی ہے، ایسے میں بیدار انسانی ضمیر خاموش نہیں رہ سکتا۔ قبلہ اول کی حفاظت اور آزادی ، عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی دینی جماعتوں کے اتحاد ملی یکجہتی کونسل نے اتوار 16 مئی کو فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کے وحشیانہ مظالم کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دی ے۔

کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر مرکزی رہنماوں ، جن میں سراج الحق (امیر جماعت اسلامی پاکستان)، علامہ سید ساجد علی نقوی (سینئیر نائب صدر ملی یکجہتی کونسل)، علامہ راجہ ناصر عباس (سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین)، پیر سید ہارون علی گیلانی (امیر ہدیۃ الہادی پاکستان)، شجاع الدین شیخ (امیر تنظیم اسلامی)، مولانا عبدالغفار روپڑی (امیر جماعت اہل حدیث)، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری (امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث)، ثاقب اکبر (چئیرمین البصیرہ)، صاحبزادہ پیر رحیم الدین نقشبندی (جمعیۃ علماء اسلام سینئر)، خرم نواز گنڈا پور (ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن)، مفتی گلزار احمد نعیمی (صدر جماعت اہل حرم پاکستان)، پیر غلام رسول اویسی (سربراہ تحریک اویسیہ پاکستان)، پیر صفدر شاہ گیلانی (سیکرٹری جنرل جمعیۃ علماء پاکستان)، علامہ عارف حسین واحدی (سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان )، اور سید اسد عباس نقوی (سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت المسلمین) شامل ہیں، نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اسلامیان پاکستان سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے انصافی اور اسلامی فریضے کو ادا کرتے ہوئے صہیونی مظالم کے خلاف احتجاج کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عالمی استعماری طاقتیں بڑی ڈھٹائی سے غاصب اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ امریکہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکاوٹ بنا ہوا ہے تاکہ اسرائیل زمین و آسمان سے فلسطینیوں پر آگ برسا سکے۔ اسرائیل نے زمینی حملے کی بھی دھمکی دی ہے، ایسے میں بیدار انسانی ضمیر خاموش نہیں رہ سکتا۔ قبلہ اول کی حفاظت اور آزادی ، عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

بیان میں فلسطینیوں بالخصوص غزہ اور بیت المقدس کے مسلمانوں کی پامردی اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کیاگیا ہے۔ سبھی آزادی پسندوں، ظلم سے نفرت کرنے والے اہل وطن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس وحشت اور بربریت کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17311