9

ملی یکجہتی کونسل سندھ کا اجلاس، نصاب سے اسلامی اور قرآنی مضامین کو نکالنے کی مذمت

  • News cod : 18074
  • 30 می 2021 - 13:01
ملی یکجہتی کونسل سندھ کا اجلاس، نصاب سے اسلامی اور قرآنی مضامین کو نکالنے کی مذمت
اجلاس میں طے کیا گیا کہ سندھ میں تعلیمی نصاب میں تبدیلی، مساجد و مدارس کو محکمہ اوقاف کے ماتحت کرنے اور ٹرسٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت قائم کی گئی کمیٹی کا ایک وفد گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرے گا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، کونسل نے یکساں تعلیمی نظام کے نام پر نصاب سے اسلامی اور قرآنی مضامین کو نکالنے، تمام مساجد و مدارس کو محکمہ اوقاف کے ماتحت کرنے اور مساجد و مدارس میں قائم ٹرسٹ کی رجسٹریشن کے لئے لاکھوں روپے رشوت وصول کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یکساں تعلیمی نصاب کے نام پر اسلامی اقدار وروایات میں تبدیلی سے باز رہے، ملک میں اس وقت اصل کشمکش مغربی تہذیب اور اسلامی تہذیب کے درمیان ہے، بدقسمتی سے حکمران طبقوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں مغربی ایجنڈے اور تہذیب کو پروان چڑھانے اور اسلامی اقدار کو مٹانے کی ناکام کوشش کی ہے، تمام مسالک و مکاتب فکر کے باہمی اختلافات سے مغربی آلہ کاروں کو تقویت پہنچی ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی اقدار و روایات کی حفاظت کے لئے تمام مسالک سے وابستہ افراد متحد و متفق ہوکر جدوجہد کریں، کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام علمائے کرام منبر و محراب کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کریں۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ سندھ میں تعلیمی نصاب میں تبدیلی، مساجد و مدارس کو محکمہ اوقاف کے ماتحت کرنے اور ٹرسٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت قائم کی گئی کمیٹی کا ایک وفد گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرے گا اور تمام مسالک و مکاتب فکر سے وابستہ علماء کرام کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ پیش کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی، نائب امراء کراچی برجیس احمد، مسلم پرویز، اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ سید ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری، سکریٹری اطلاعات جماعت غرباء اہل حدیث پاکستان عمران احمد سلفی اور حشمت اللہ صدیقی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے سید اعجاز احمد مصطفیٰ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے صابر ابومریم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=18074