23

قائد اعظم اور علامہ اقبال نے جس پاکستان کیلئےانتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کیلئےپوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا،علامہ راجہ ناصرعباس

  • News cod : 31899
  • 23 مارس 2022 - 7:36
قائد اعظم اور علامہ اقبال نے جس پاکستان کیلئےانتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کیلئےپوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا،علامہ راجہ ناصرعباس
پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو۔ جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو۔گزشتہ ستر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں۔

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے انتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کے لیے پوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو۔ جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو۔گزشتہ ستر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں۔جو ریاست ملک وقوم کے وقار کو مقدم سمجھتی ہے وہ کسی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہیں لاتی۔ اس حقیقت کا ادارک صرف انہیں رہنماؤں کو ہوتا ہے جو باضمیر و باشعور عوام کی آنکھ سے معاملات کو پرکھنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا یوم پاکستان کے موقع پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے جو باعث اعزاز ہے۔وہ عالمی طاقتیں جو پاکستان کو ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی تھیں اپنی ناکامی پر بے چین دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا او آئی سی کے اجلاس میں اسلامی ممالک کو درپیش مسائل پر نتیجہ خیز گفت وشنید کی ضرورت ہے۔ اس اجلاس کو خوش آئند تب ہی قرار دیا جا سکتا ہے جب اس کے ثمرات کشمیر،لبنان اور یمن سمیت ان مظلومین تک پہنچیں جو غاصبوں اور عالمی استعماری قوتوں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔یمن کے نہتے مسلمانوں کو گزشتہ سات سالوں سے جس ظلم و بربریت کا سامنا ہے اس پر بھی موثر انداز میں آواز بلند کر کے تنظیم اپنے شفاف اور عادلانہ طرز عمل کا ثبوت پیش کر سکتی ہے۔ کشمیری عوام کی حمایت میں اٹل موقف اختیار کر کے اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو زائل کرنے کا حکومت کے پاس یہ بہترین موقع ہے۔ہمیں اس اجلاس میں کشمیر کے عوام کی مضبوط آواز بننا چاہئیے۔یوم پاکستان کے موقع پر ایک ایسی یوم کشمیر کی متفقہ قرارداد منظور کی جانی چاہیے جو کشمیری عوام کی امنگوں کی عکاس ہو۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31899