10

قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے چیئرمین کا دورہ جامعۃ المنتظر /پوپ اور آیت اللہ سیستانی کی ملاقات سے پوری دنیا میں امن و اخوت کا پیغام عام ہوا، پریس کانفرنس

  • News cod : 13306
  • 12 مارس 2021 - 15:22
قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے چیئرمین کا دورہ جامعۃ المنتظر /پوپ اور آیت اللہ سیستانی کی ملاقات سے پوری دنیا میں امن و اخوت کا پیغام عام ہوا، پریس کانفرنس
آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کیتھولک چرچ آف پاکستان سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لاہور نے حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور کا دورہ کیا اور بزرگ عالم دین حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے خصوصی ملاقات کی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کیتھولک چرچ آف پاکستان سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لاہور نے حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور کا دورہ کیا اور بزرگ عالم دین حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے خصوصی ملاقات کی۔
آرچ بشپ نے اس دورے کے موقع پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ کی گئی پریس کانفر نس میں کہا کہ یہ خدا کی مہربانی ہے کہ جیسے ہم آگے بڑھ رہے ہیں خدا بھی ہمارے درمیان پیار و محبت میں اضافہ کررہا ہے ، خدا نے ہمیشہ باہمی پیارو محبت کی دعوت دی ہے؛ کیونکہ سب چیزوں کا خالق وہی ہے، جو میرا خدا ہے وہی آُپ کا بھی خدا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نشتر پارک کراچی میں علامہ حسن ترابی سے ہمیشہ ہماری ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں اسی طرح کراچی کے مختلف مسالک کے مراکز میں ہماری رفت و آمد ہے۔ امن و محبت کے لئے ہماری کوششیں آئندہ بھی جاری رہے گی ۔

تصویری رپورٹ|قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے چیئرمین کا دورہ جامعۃ المنتظر


پوپ فرانسیس اور آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کی ملاقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئےحیرانی کی بات ہے کہ ایک بہت بڑے مذہبی رہنما آیت اللہ سیستانی کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔جب پوپ سے یہ کہا گیا تو انک ا یہی کہنا تھا کہ جب ہم امن کا پیغام لے کے جارہے ہیں تو ہمیں محلوں سے نہیں شخصیات سے ملنا ہے۔ وہ اسی چھوٹے گھر میں گئے اور دونوں رہنماوں نے بہت خوبصورت باتیں کیں جو میڈیا پر بھی چل رہی ہیں۔
ہم ایک ہی خدا کو مانتے ہیں، تمام انبیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں۔ جب ان انبیاء کا پیغام ہی پیارو محبت اور امن و بھائی چارے کے سوا کچھ نہ تھا تو ہماری یہی ذمہ داری بنتی ہے کہ دنیا میں خصوصا اپنی مملکت خداداد پاکستان میں اس امن و اخوت کے پیغام کی ترویج کے لیے کندھوں سے کندھے ملا کے آگے بڑھیں ۔


وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری اورجامعہ المنتظر لاہور کےمہتمم اعلیٰ جناب علامہ محمد افضل حیدری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خالق کائنات نے ہمیں اشرف المخلوقات قرار دیا ہے، آج سے ۱۴ سو سال پہلے بھی پیغمبر اکرم (ص) نے اہل نجران کو دعوت دی ،کیونکہ اللہ تعالیٰ کا حکم تھا : قُلْ یٰا اَھْلَ الْکِتٰبِ تَـعَالَوْا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَاءٍ بَیْنَنَا وَبَیْنَـکُمْ ، “اس کلمے کی طرف آ جاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے “لہٰذا لازم ہے کہ ہم اس ایک ایک بات پر اکٹھے ہوں جو آپ کے اور ہمارے درمیان مشترک ہے ۔ عیسائیت بھی آسمانی دین ہے اور اسلام بھی آسمانی دین ہے۔ ہمارے مشترکات جیسے: ایک خالق ومالک اوررازق کے وجود کا عقیدہ اور اس طرح قیامت کا عقیدہ بھی ہمارا مشترک ہے ۔لہٰذا ہم ان مشترکات پر متحد ہوکر دنیا میں لوگوں کو امن اور وحدت کا پیغام دے سکتے ہیں ۔
مرجع جہان تشیع حضرت آیت اللہ العظمیٰ سیستانی اورجناب پوپ کی ملاقات سے پوری دنیا میں امن و اخوت کا ایک پیغام عام ہوا ہے۔ جب اتنے بڑے لوگ ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو ہمارے ایک ساتھ بیٹھنے میں کون سی چیز رکاوٹ بن سکتی ہے۔ ہم اس بات کی امید کرتے ہے کہ عالمی فضاپر اس ملاقات کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے نتائج پوری دنیا میں امن و امان بحال ہونے کی شکل میں سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن و اخوت کے پیغام کی ترویج کے لئے پہلے بھی میدان میں حاضر ہیں ، شیعیان پاکستان کے مرکز جامعۃ المنتظر لاہور میں پہلے بھی مسیحی برادری سے مختلف وفود تشریف لاتے رہے ہیں اور اس علمی مرکز کے پرنسپل حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کو حکومت کی طرف سے خصوصی طور پر ناروے میں دعوت دی گئی اور وہاں پہ مختلف لوگوں سے امن اور بھائی چارگی کے حوالے سے بات ہوئی ۔


انہوں نے آخر میں کہا کہ ہم سب مل کر ملک عزیز پاکستان میں امن اور بھائی چارگی کے لیے کوشاں رہیں گے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ایسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13306