18

علامہ قاضی غلام مرتضی بافہم، متحرک اور فعال شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے، علامہ سید ساجد نقوی

  • News cod : 14542
  • 31 مارس 2021 - 19:56
علامہ قاضی غلام مرتضی بافہم، متحرک اور فعال شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے، علامہ سید ساجد نقوی
زیرک اور توانا شخصیت کے مالک مرحوم و مغفور علامہ قاضی غلام مرتضی ملت کے لئے سنہری خدمات انجام دینے کے سبب ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق علامہ قاضی غلام مرتضی مرحوم کی پہلی برسی منعقدہ 31 مارچ 2021 کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زیرک اور توانا شخصیت کے مالک مرحوم و مغفور علامہ قاضی غلام مرتضی ملت کے لئے سنہری خدمات انجام دینے کے سبب ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، متدین گھرانے سے تعلق رکھنے والے مرحوم نے جہاں ملت کے افراد کی علمی تشنگی دور کرنے او انکے علمی معیار کو بلند کرنے کی خاطر اپنے استاد مفسر قرآن حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محسن علی نجفی کی سرپرستی اور نگرانی میں خدمات انجام دئیں وہیں دینی ، سماجی اور فلاحی شعبوں میں کام کرتے ہوئے متعدد دینی مراکز ، مساجد اور تعلیم و صحت کے اداروں کے قیام کیلئے بھی کوششیں کیں۔
علامہ قاضی مرحوم کا ایک منفرد پہلو ملی جدوجہد سے دیرینہ تعلق اور گہری وابستگی تھا جس کے سبب مرحوم صوبہ پنجاب سمیت ملک اور بیرون ملک ایک آگاہ ، بافہم، متحرک اور فعال شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے چنانچہ صوبائی سطح پر عوام میں مذہبی، ملی اور سیاسی شعور پیدار کرنا ہو یا متحدہ علما بورڈ پنجاب کے اندر مکتب کی ترجمانی ہو، مکتب تشیع کے روشن چہرے کو واضح کرتے ہوئے انحرافات کے سد باب کی کوششیں ہوں یا افراد کی تربیت ہو، عوام کی شہری آزادیوں اور حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہو یا عوام کی خدمت ان تمام میدانوں میں ان کی کوششیں مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔
انکی پہلی برسی کے موقع پر صلاحیتوں کے مالک مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہ لازم وناگزیر ہے کہ مختلف میدانوں میں ان کے کارہائے نمایاں، حسن کارگردگی اور ممتاز رویوں کو مد نظر رکھ کر انہیں عملی جامع پہنانے کی کوشش کی جائے۔
آخر میں ہم مرحوم کے خانوادہ، ان کے استاد بزرگوار، ہم عصر علماء کرام، دوست احباب اور انکے عقیدت مند شاگردوں سے تعزیت و تسلیت کے ساتھ مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا گوہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14542